جان کیری مشکل ثالثی مشن پر کابل میں
11 جولائی 2014امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کابل میں اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب جان کوبِس کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ صدارتی انتخابات کی جائز حیثیت داؤ پر لگی ہوئی ہے تاہم وہ امید کر رہے ہیں کہ افغانستان کے انتخابی بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔ اُدھر جان کوبِس نے بھی یقین دلایا کہ اُن کا عالمی ادارہ اس بحران کو حل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئےکار لائے گا۔
تازہ ترین عبوری نتائج کے مطابق سابق وزیر خزانہ اشرف غنی کو انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اپنے حریف امیدوار عبد اللہ عبداللہ پر سبقت حاصل ہے۔ پہلے مرحلے میں واضح کامیابی حاصل کرنے والے عبداللہ عبداللہ دوسرے مرحلے کے نتائج کو دھاندلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر رہے ہیں۔
جان کیری نے آج جمعہ 11 جولائی کو دونوں صدارتی امیدواروں کے علاوہ تاحال صدر حامد کرزئی کے ساتھ بھی ملاقات کی، جو اب تک کے پروگرام کے مطابق دو اگست کو سربراہِ مملکت کی ذمے داریاں نئے صدر کو منتقل کرنے کے شیڈول پر بدستور قائم ہیں۔
اشرف غنی کی انتخابی ٹیم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جان کیری آج جمعے کی شام کو اپنے ثالثی مشن کے دوران مزید ملاقاتیں کرنے والے ہیں۔ عبداللہ عبداللہ کے ساتھ ملاقات کے بعد کیری نے کہا، ’’ہم ایک متحد، مستحکم اور جمہوری افغانستان کے خواہاں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایک ایسا صدر برسرِاقتدار آئے، جسے لوگ تسلیم کرتے ہوں اور جو لوگوں کو متحد کرتے ہوئے مستقبل کی جانب اُن کی رہنمائی کر سکے‘‘۔ اس موقع پر عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ کیری نے اتنے نازک وقت پر ’افغانستان پہنچ کر ثابت کر دیا ہے کہ امریکا افغانستان اور اس جنگ زدہ ملک کے جمہوری عمل کو بچانے میں سنجیدہ ہے‘۔
اس انتخابی بحران نے افغانستان میں پُر امن انتقالِ اقتدار کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، جس پر خاص طور پر واشنگٹن حکومت کو بہت تشویش ہے کیونکہ پروگرام کے مطابق امریکی قیادت میں سرگرم عمل زیادہ تر فوجی دستے اس سال کے آخر تک افغانستان چھوڑ کر واپس اپنے اپنے وطن چلے جائیں گے۔ دوسری طرف کیری نے خبردار کیا ہے کہ اس انتخابی تنازعے کو تشدد یا کسی بھی طرح کے ’دیگر غیر آئینی ذرائع‘ سے حل کرنے کی کوششوں کی صورت میں افغانستان امریکی امداد سے محروم بھی ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن UNAMA نے انتخابات کے تنازعے کے سلسلے میں تجویز پیش کی ہے کہ 3.5 ملین یعنی دیے گئے ووٹوں میں سے چوالیس فیصد ووٹوں کی دوبارہ گنتی عمل میں لائی جائے۔ یہ گنتی، جس کی دوسرے مرحلے کے فاتح قرار دیے جانے والے امیدوار اشرف غنی بھی حمایت کر چکے ہیں، آٹھ ہزار پچاس پولنگ اسٹیشنوں کا احاطہ کرے گی۔
اقوام متحدہ کے مشن کا اندازہ ہے کہ اس عمل میں تقریباً چَودہ روز لگ جائیں گے، جس کا مطلب یہ ہے کہ ملکی الیکشن کمیشن اپنے اب تک کے پروگرام کے مطابق بائیس جولائی تک انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان نہیں کر سکے گا۔