جاپان میں نئی کابینہ کا اعلان کر دیا گیا
2 ستمبر 2011وزیر اعظم یوشی ہیکو نوڈا نے وزارت خزانہ اور خارجہ کے قلمدان پچاس برس سے کم عمر کے وزراء کو دیے ہیں، جو جاپانی سیاست میں ان عہدوں کے لیے قدرے جوان قیادت ہے۔
وزیر خزانہ کا عہدہ اُنچاس سالہ جون ازومی کو ملا ہے جبکہ وزیر خارجہ کا منصب سینتالیس سالہ کوئی شیرو گیمبا کو حاصل ہوا ہے۔ توقع یہ تھی کہ وہ اپنی حکمران ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئرز کو ان عہدوں پر تعینات کریں گے۔
تریسٹھ سالہ یوشیو ہاشیرو کو اقتصادیات، تجارت اور صنعت کا نیا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔ انہتر سالہ یاشُواو ایچیکاوا کو وزیر دفاع بنایا گیا ہے۔ نئی کابینہ میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ ان میں تینتالیس سالہ رینہو اور باسٹھ سالہ یوکو کومی یاما شامل ہیں۔ کومی یاما این ایچ کے کی سابق اینکر ہیں۔
نئی کابینہ کا اعلان کابینہ کے سیکرٹری اعلیٰ اوسامو فُوجی مورا نے کیا ہے۔ توقع ہے کہ نئے وزراء جاپان کے شہنشاہ آکی ہیٹوکے سامنے جمعہ کو کسی وقت حلف اٹھائیں گے۔
فُوجی مورا نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں بتایا: ’’ان تقرریوں کا مقصد پارٹی کو متحد کرنا ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ گیارہ مارچ کے سونامی اور زلزلے سے آنے والی تباہی کے تناظر میں بحالی اور فوکوشیما نیوکلیئر بحران سے نکلنا نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے والے جون ازومی سیاست میں قدم رکھنے سے قبل این ایچ کے میں رپورٹر تھے۔ انہیں کابینہ کی رکنیت پہلی مرتبہ ملی ہے۔ ناؤتو کان کے دورِ حکومت میں وہ حکمران جماعت کی جانب سے پارلیمانی امور کے سربراہ تھے۔ اس دوران انہوں نے اپوزیشن کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا بھرپور فائدہ اٹھایا، جس کے نتیجے میں تقسیم شدہ پارلیمنٹ میں متعدد بل منظور کرا لیے گئے۔
نئے وزیر خارجہ گیمبا گزشتہ کابینہ میں وزیر مملکت برائے نیشنل پالیسی تھے۔ وزیر خارجہ کے طور پر ان کے سامنے اہم اتحادی امریکہ کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کا ہدف بھی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے
ادارت: امجد علی