1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن سُپر کپ: ڈورٹمنڈ نے بائرن میونخ کو ہرا دیا

شامل شمس28 جولائی 2013

بوروسیا ڈورٹمنڈ نے ہفتے کی شب بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر جرمن سپر کپ جیت لیا ہے۔ جرمن کلب بائرن میونخ کے نئے ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا اس طرح اپنی پہلی شکست سے دوچار ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/19FIv
(Photo by Dennis Grombkowski/Bongarts/Getty Images)
تصویر: Getty Images

بوروسیا ڈورٹمنڈ کی جانب سے مارکو روئس کے دو گول بائرن میونخ پر بہت ہی بھاری پڑے۔ ہفتے کی شب ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اپنی روایتی حریف اور جرمن بنڈس لیگا میں پچھلے سیزن کی فاتح میونخ کی ٹیم کو چار دو سے ہرا دیا۔ میونخ کی ٹیم جرمن سپر کپ کا دفاع کر رہی تھی۔ پچھلے برس بائرن میونخ نے ڈورٹمنڈ کو نہ صرف سپر کپ اور بنڈس لیگا میں پچھاڑا تھا بلکہ اس نے یورگن کلاپ کی ٹیم کو چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں بھی شکست دی تھی۔

(Photo by Dennis Grombkowski/Bongarts/Getty Images)
جرمن سپر کپ میں میونخ کی مات پیپ گارڈیولا کی نئے کوچ کی حیثیت سے پہلی شکست تھیتصویر: Getty Images

گارڈیولا کی پہلی شکست

جرمن سپر کپ میں میونخ کی مات پیپ گارڈیولا کی نئے کوچ کی حیثیت سے پہلی شکست تھی۔ گارڈیولا ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے کوچ رہے تھے اور انہوں نے چار برسوں میں دو چیمپیئنز لیگ اور تین ہسپانوی لیگ سمیت چودہ ٹرافیاں جیت کر دنیا کے چند بہترین فٹ بال کوچوں میں اپنا نام شامل کروا لیا تھا۔ ایک برس تک فٹ بال سے دور رہنے کے بعد گارڈیولا نے دو ماہ قبل میونخ کے کوچ کا عہدے سنبھالا تھا۔ ان کے پیش رو ہینکیس نے گزشتہ برس بائرن میونخ کو جرمنی اور یورپ میں ناقابل شکست ٹیم بنا ڈالا تھا۔ کھیلوں کے مبصرین گارڈیولا کی اس پہلی شکست کو ٹیم میں کیے جانے والے نئے تجربات کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔

سنسنی خیر میچ

ہفتہ 27 جولائی کی شب کھیلا جانے والا یہ میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ جرمنی کے لحاظ سے سخت گرمی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے تاہم میچ کے چھٹے منٹ میں ڈورٹمنڈ کے مارکو روئس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی۔ یہ سبقت زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکی اور میونخ کی طرف سے فِلپ لام کے ایک غیر معمولی پاس پر روبن نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ڈورٹمنڈ نے دو گول کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ دوسرے ہاف کا پہلا گول میونخ کے کھلاڑی بوئٹین کا اپنی ہی ٹیم کے خلاف تھا۔ چند منٹ بعد ایلکے گوئینڈوگان نے ڈوٹمنڈ کے لیے تیسرا گول کر کے میچ میں فتح کو تقریباً یقینی بنا لیا۔ میچ اس وقت انتہائی دلچسپ ہو گیا جب میونخ کی جانب سے روبن نے گول کر کے اسکور دو تین کر دیا۔ گارڈیولا کی ٹیم تیسرا گول کرنے کے لیے پر امید تھی تاہم روئس کے پچاسی ویں منٹ میں چوتھے گول سے یہ امید دم توڑ گئی۔