1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال ٹیم کی شاندار فتح

عابد حسین / افسر اعوان3 جون 2009

جرمن فٹ بال ٹیم نے اپنا ایشیاء کا دورہ مکمل کر لیا ہے۔ چین کی فٹ بال ٹیم کے خلاف میچ برابر کھیلنے کے بعد متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو بڑے فرق سے ہرانے سےجرمن کھلاڑیوں کے مورال میں اضافہ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/I2Pz
جرمنی کے ماریو گومیز، متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے خلاف گیند کوگول پوسٹ میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہوئے۔تصویر: picture alliance / dpa

جرمنی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان کھیلے جانے والے فٹبال میچ میں جرمنی نے دو کے مقابلے میں سات گول سے فتح حاصل کی ہے۔ دبئی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں جرمن ٹیم کی طرف سے سات میں سے چار گول ماریو گومیز نے کئے۔ اس کارکردگی کی بدولت ماریو گومیز اپنی فارم میں واپس آگئے ہیں کیونکہ وہ پچھلے پندرہ میچوں میں اپنی قومی ٹیم کے لئے کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔ اِس سے قبل جرمن ٹیم چین کی فٹ بال ٹیم کے خلاف شنگھائی میں میچ برابر کرنے میں کامیاب تو رہی تھی مگر اس میچ کے بعد جرمن ٹیم کی مجموعی کارکردگی پرانگلیاں اٹھائی گئی تھیں۔

Fußball Deutschland Vereinigte Arabische Emirate
جرمن فٹ بال اور متحدہ عرب امارات کے ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کا ایک منظرتصویر: picture alliance/dpa

المکتوم سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے خلاف پہلا گول کرنے میں جرمن ٹیم کو انتیس منٹ تک انتظار کرنا پڑا۔ انتسویں منٹ پر دفاعی کھلاڑی Heiko Westermann کی شاندار ہٹ کو امارات کا گول کیپر گول میں پہنچنے سے روکنے میں ناکام رہا۔ اِس گول کے بعد ہاف ٹائم تک متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کھیل کا ردھم ختم ہو کر رہ گیا اور سولہ منٹوں میں جرمن ٹیم مزید تین گول کرنے میں کامیاب رہی۔ پہلے ہاف کے چار میں سے دو گول ماریو گومیز نے کئے۔ چو تھا گول ونگر Piotr Trochowski نے کیا۔

جرمنی کے خلاف متحدہ عرب امارات نے دو گول کئے۔ دونوں میچ کے دوسرے ہاف میں کئے گئے۔ پہلا گول اسماعیل سالم نے ترپنویں منٹ میں جبکہ دوسرا گول نواف مبارک نے تہترویں منٹ میں کیا۔ دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم نے متحدہ عرب امارات کے خلاف مزید تین گول کئے جن میں سے دو ماریو گومیز کی جانب سے کئے گئے۔

Fußball Deutschland Vereinigte Arabische Emirate
جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ Joachim Loew ، اپنے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے۔تصویر: picture alliance/dpa

اِس میچ میں گول کیپر مانویل نوئر کو جرمنی کی جانب سے پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اُنہوں نے امارات کی ٹیم کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جرمن فٹ بال ٹیم اب بارہ اگست کو ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے کا میچ آذربائجان کی ٹیم کے خلاف باکُو میں کھیلے گی۔ آذر بائجان کے خلاف اِسی سلسلے میں دوسرا میچ جرمن شہر ہینوور میں نو ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ اسکے بعد جرمن فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہی دس اکتوبر کو روس کے خلاف ماسکو میں جبکہ چودہ اکتوبر کو فن لینڈ کے خلاف ہیمبرگ میں نبرد آزما ہوگی۔ اِس دوران پانچ ستمبر کو جرمن فٹ بال ٹیم فٹ بال کے عالمی مقابلوں کے میزبان ملک جنوبی افریقہ کے خلاف لیورکُوزن میں میچ کھیلے گی۔

فٹ بال کے نگران ادارے فیفا کی عالمی درجہ بندی میں جرمنی کی دوسری پوزیشن ہے اور متحدہ عرب امارات کی ایک سو بیسویں ۔ پہلی پوزیشن پر یورپی ملک ہسپانیہ کی ٹیم فائز ہے۔

اس میچ کے ساتھ ہی جرمن فٹ بال ٹیم نے اپنا دورہٴ ایشیاء شاندار انداز میں مکمل کرلیا ہے۔ موجودہ ایشیائی ملکوں کے دورے کے دوران جرمن فٹ بال ٹیم کو اپنے دو مشہور کھلاڑیوں مشاعیل بالاک اور ٹورسٹن فرنگز کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔