1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال کے اسٹار کھلاڑی مشائیل بالاک کا الوداعی میچ

6 جون 2013

جرمن فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان مشائیل بالاک نے گزشتہ شب فٹ بال کے کھیل کو خیر باد کہہ دیا۔ اپنے الوداعی میچ میں انہوں نے تین گول کیے۔

https://p.dw.com/p/18l79
تصویر: picture-alliance/dpa

مشائیل بالاک کا شمار جرمنی کے مشہور ترین فٹ بالرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے2002ء اور 2006ء کے عالمی کپ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی تھی۔ لائپزگ شہر میں اپنے الوداعی میچ کے بعد جرمن ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہا کہ بلا شبہ بالاک ایک اسٹار کھلاڑی ہیں۔ اس میچ میں دنیا کےکئی نامور کھلاڑی شریک ہوئے۔ ان میں دیدیئر دروگبا اور اندیرخ شیویٹشینکو شامل ہیں جبکہ معروف فٹ بال ٹرینر خوسے مورینیو بھی گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔

اس موقع پر بالاک وہ پہلے جرمن کپتان بن گئے ہیں، جنہوں نے اپنے الوداعی میچ میں تین گول کیے۔ اس میچ میں ان کا مقابلہ عالمی الیون سے تھا۔ بالاک کے بقول’’ میچ کے دوران میں نے محسوس کیا کہ ایک طویل عرصے سے میں فٹ بال سے دور ہوں‘‘۔ میروسلاؤ کلوزے، رینے آڈلر، برنٹ شنائیڈر سمیت ماضی میں جرمن ٹیم کا حصہ رہنے والے دیگر کھلاڑی بالاک کی طرف سے کھیل رہے تھے۔

Abschiedsspiel Michael Ballack
تصویر: picture-alliance/dpa

45 ہزار شائقین فٹ بال نے یہ میچ دیکھا۔ بالاک کا کہنا تھا ’’ اسٹیڈیم بھرا ہوا تھا، سارے ٹکٹ بک چکے تھے۔ اس طرح کے میچ کے لیے یہ کوئی عام سی بات نہیں ہے۔ میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں، جو سیلاب زدگان کی مدد کے لیے جاری سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں‘‘۔

جرمن ٹیم کے کوچ لوو اور بالاک کے مابین اختلافات کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ تاہم میچ دیکھنے کے لیے لائپزگ آمد پر لوو کا کہنا تھا ’’ ہمارے مابین تمام معاملات ٹھیک ہیں اور مجھے بالاک کے الوداعی میچ میں ان کی کارکردگی پر بہت خوشی ہے‘‘۔ لوو نے بالاک کو ایک مثالی کھلاڑی قرار دیا۔ اسی طرح جرمن ٹیم کے موجود کپتان فلپ لہم اور بالاک کے تعلقات بھی گزشتہ کئی برسوں سے خراب تھے۔کہا جا رہا ہے کہ وہ بھی کوچ یوآخم لوو کی طرح مفاہمت کا پیغام لے کر بالاک کا میچ دیکھنے کے لیے لائپزگ آئے تھے۔

Abschiedsspiel Michael Ballack
تصویر: Bongarts/Getty Images

مشائیل بالاک نے جرمنی کی 98 میچوں میں نمائندگی کی۔ ان کی قیادت میں جرمن ٹیم 2002ء کے عالمی کپ اور 2008ء کے یورو کپ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ وہ برطانوی کلب چیلسی، جرمن کلب بائرن میونخ ، بائر لیورکوزن اور کائیزرزلاؤٹرن کی جانب سے بھی کھیلتے رہے ہیں۔

ai / ah (Reuters, ap)