1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستسعودی عرب

جرمن وزیر خارجہ سعودی عرب اور قطر کے دورے پر، مقاصد کیا؟

15 مئی 2023

جرمن وزیر خارجہ آنالینا بیئربوک سعودی عرب اور قطر کا دورہ کر رہی ہیں۔ اس موقع پر وہ عرب خطے کی علاقائی صورتحال، توانائی کے مسائل اور انسانی حقوق کے معاملات پر اعلیٰ حکام سے بات چیت کریں گی۔

https://p.dw.com/p/4RMRL
جرمن وزیر خارجہ آنالینا بیئربوک
فائل فوٹو: جرمن وزیر خارجہ آنالینا بیئربوکتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

جرمن وزیر خارجہ  اپنے تین روزہ دورے کا آغاز سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ سے کر رہی ہیں جہاں وہ اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کریں گی۔ جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی امور، جن میں سوڈان اور یمن میں بحرانی صورتحال سے نمٹنے کی فوری حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی۔

حال ہی میں جدہ میں ہی  سوڈان  کی حکومتی فوج اور مخالف ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان امریکہ، اقوام متحدہ اور سعودی عرب کے نمائندوں کے زیر اہتمام مذاکرات شروع کیے گئے تھے، جس کے بعد دونوں متحارب دھڑوں نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا تھا۔

یمن اور شام کے تنازعات

تین روزہ دورے کے دوران جرمن وزیر خارجہ یمنی وزیر خارجہ احمد بن مبارک  اور اقوام متحدہ کے مندوب برائے یمن ڈیوڈ گریسلی سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔ خارجی امور کے دیگر معاملات کی فہرست میں سعودی عرب اور ایران  کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی، شام کی عرب لیگ میں واپسی جیسے موضوعات بھی شامل ہیں۔

مصر میں عرب لیگ کا اجلاس
فائل فوٹو: مصر میں عرب لیگ کا اجلاستصویر: Khaled Desouki/AFP

واضح رہے کہ  عرب لیگ  نے شامی صدر بشارالاسد کو رواں ہفتے کے اواخر میں جدہ میں ملاقات کے لیے مدعو کر رکھا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد شامی صدر بشار الاسد کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے علاقائی طاقتوں کے فیصلے کو مستحکم کرنا ہے۔ عرب لیگ نے شام کی رکنیت سن 2011ء میں اسد حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے والے مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن کے بعد معطل کر دی تھی۔

انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ

توقع ہے کہ گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی جرمن وزیر خارجہ بیئربوک اوپیک کے ایک اہم رکن اور خام تیل پیدا کرنے والے ملک سعودی عرب کے ساتھ توانائی کے مسائل پر بھی بات چیت کریں گی۔ سعودی عرب کو فوسل فیول کے انحصار کو کم کرنے، اور شمسی توانائی سمیت ہائیڈروجن جیسے ماحول دوست توانائی کے ذرائع کو اپنانے والے ممکنہ ملک کے طور پر  بھی دیکھا جاتا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ کا دورہ عراق
جرمن وزیر خارجہ کا دورہ عراقتصویر: Michael Kappeler/dpa/picture alliance

اس کے علاوہ جرمن وزیر خارجہ سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ عرب دنیا میں انسانی حقوق  کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گی۔

قطر کا دورہ

بعد ازاں  قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جرمن وزیر خارجہ کی قطری صدر اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ اپنے دورے کے تیسرے اور آخری روز وہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے نمائندوں کے ساتھ بھی ایک خصوصی میٹنگ کریں گی، جس میں اس خلیجی ملک میں مزدوروں کے حقوق پر بات کی جائے گی۔ یاد رہے مغربی ممالک بالخصوص یورپ کی جانب سے قطر کو سن 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ  کی تیاری کے دوران غیر ملکی کارکنوں کے ساتھ مبینہ ناانصافیوں کے حوالے سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ع آ / ع ت (ڈی پی اے / جرمن وزارت خارجہ)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں