1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ٹیم یورو چیمپئن شپ سے باہر، فرانس فائنل میں

عابد حسین8 جولائی 2016

فرانسیسی ٹیم نے یورو چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ورلڈ چیمپئن جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ یورپی ملکوں کی فٹ بال چیمپئن شپ کا فائنل میچ پرتگال اور فرانس کے درمیان اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1JLi0
شکست خوردہ جرمن کھلاڑیتصویر: picture alliance/GES/M. Gilliar

فرانس کے خلاف جرمن ٹیم نے کئی حملے ضرور کیے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہی۔ فرانسیسی ٹیم نے جرمن فٹ بال ٹیم کے دفاع میں پیدا ہونے والی دراڑوں سے یقینی فائدہ اٹھایا۔ میچ کے پہلے ہاف کے چھبیسویں منٹ میں جرمن ڈیفینڈر ژیروم بوآٹنگ کی ایک غلطی پر فرانسیسی فارورڈ گیرو گیند لے اڑا تھا لیکن ڈی میں پہنچ کر وہ یقینی گول کرنے میں ناکام رہا کیونکہ اُسے کمال کامیابی سے ہُویڈیس نے ٹیکل کیا تھا۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں میچ کے اطالوی ریفری نے جرمن کھلاڑی کے فاؤل پر پنلٹی کک سے میزبان ملک کی ٹیم کو نواز دیا اور انتوائن گِیزمین نے گول کر دیا۔

Berlin Fanmeile UEFA EURO 2016 Halbfinale Frankreich - Deutschland
جرمن شائقین بھی اپنی ٹیم کی شکست پر افسردہ تھےتصویر: Getty Images/Bongarts/C. Koall

مبصرین کا خیال ہے کہ اطالوی ریفری نکولا رَٹسولی کے بعض فیصلے متنازعہ قرار دیے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب فرانسیسی ٹیم نے غیر معمولی انداز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کر کے جرمن ٹیم کو حیران کرنے کے ساتھ ساتھ دفاع پر مجبور کر دیا۔ پہلے چھ منٹوں میں ہی فرانسیسی ٹیم گول کرنے کی پوزیشن میں آ گئی تھی لیکن پوگبا کی زوردار کک جرمن گول کیپر نے روک لی تھی۔ ابتدائی تابڑ توڑ حملوں سے جرمن ٹیم کسی حد تک نروس دکھائی دینے لگی تھی۔

جرمن ٹیم کو مختلف کھلاڑیوں کی انجریز کا بھی سامنا تھا۔ اس باعث جرمن کوچ ژوآخم لُووو ایسی تبدیلیاں کرنے پر مجبور ہوئے، جو گزشتہ میچوں میں دیکھنے کو نہیں ملی تھیں۔ پہلی مرتبہ ترک نژاد امرے جان (Emre Can) کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ تھوماس ہُوویڈیس کو دفاع کے لیے ژیروم بوآٹنگ کا ساتھی بنایا گیا۔ اس کے علاوہ جرمن ٹیم پہلی مرتبہ 3-5-2 کے کمبینیشن سے کھیلی۔ ان تبدیلیوں نے جرمن کھیل پر مثبت اثر مرتب نہیں کیا۔ مجموعی طور پر جرمن ٹیم کے پانچ مڈ فیلڈرز نے کئی حملے پیدا کیے لیکن دو فارورڈ فٹ بالر اُن کو گول میں پھینکنے سے قاصر رہے۔ اسی طرح تینوں دفاعی کھلاڑیوں غیر ضروری انداز میں فرانسیسی ایریا میں پہنچ جاتے تھے۔ ماہرین نے اس پلاننگ کو بھی جرمن ٹیم کی شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔

UEFA EURO 2016 - Halbfinale | Frankreich vs. Deutschland - Joachim Löw
جرمن ٹیم کے کوچ ژوآخم لُووو میچ کے دورانتصویر: picture-alliance/dpa/F. Gambarini

فرانسیسی ٹیم کے فارورڈ انتوائن گیزمین، اولیور گیرُو اور ڈیمٹری پائیٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ اسی طرح مڈ فیلڈر پال پوگبا کا کھیل بھی عمدہ تھا۔ جرمن ٹیم نے گیند پر اپنا کنٹرول خاصا رکھا لیکن اُن کے حملے فرانسیسی ٹیم کے دفاع کو توڑ نہیں سکے۔ جرمن گول کیپر مانول نوئر نے دو سے زائد مرتبہ فرانسیسی فٹ بالر کی زور دار ککس کو گول پوسٹ میں ہمت اور ذہانت سے روکا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ژیروم بوآٹنگ بھی انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

اتوار دس جولائی کو فرانس اور پرتگال کے درمیان یورو چیمپئن شپ کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ فرانس دو مرتبہ یورو چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز رکھتا ہے۔ جرمنی تین مرتبہ یورپی ملکوں کی فٹ بال چیمپئن شپ جیت چکا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں