جرمن چیپمئن چیمپئنز لیگ سے باہر
7 دسمبر 2011چیمپیئنز لیگ میں گزشتہ شب ڈورٹمنڈ اور فرانسیسی کلب مارسے کے مابین کھیلا گیا میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ اس میچ سے شائقین اس وقت سب سے زیادہ محظوظ ہوئے، جب میچ کے اختتام سے قبل مارسے نے دو گول کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
ان ڈرامائی لمحات کے بارے میں ڈورٹمنڈ کے کوچ کا کہنا تھا کہ پہلے ہاف میں ان کی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ کھیل پران کی گرفت مضبوط تھی۔ انہوں نے کہا: ’’ہم نے سب کچھ صحیح انداز میں کیا۔ اس موقع پر ہم جلدی میں نہیں تھے۔ اس موقع پر ہم نے اپنے مد مقابل کے بارے میں نہیں سوچا اور پھر دوسرے ہاف میں سب کچھ تبدیل ہو گیا‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈورٹمنڈ کے خلاف ہونے والے گولوں کو با آسانی روکا جا سکتا تھا اور میچ کا اختتام دو ایک سے ڈروٹمنڈ کے حق میں ہوتا۔ اس طرح گروپ ایف میں ڈروٹمنڈ کی ٹیم سب سے آخری پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے سولہ بہترین ٹیموں میں شامل نہیں ہو سکی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔ یاد رہے کر جرمن فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کر رہی ہے۔
مارسے کے کوچ کا کہنا تھا کہ فٹ بال اس وقت ایک شاندار کھیل ہے جب میچ کا فیصلہ آپ کے حق میں ہو۔ ’’ آخری لمحات تک امید برقرار رہنی چاہیے۔ اس میچ میں ہم نےغیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘
دوسری جانب جرمنی سے تعلق رکھنے والی لیورکوزن کی ٹیم کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ بیلجیئم کے شہر گینک کے خلاف اس میچ کو برابر رکھنے پر لیورکوزن کی ٹیم اپنے گروپ میں سرفہرست ٹیم نہیں بن پائی۔ لیورکوزن پہلے ہی چیمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
مارسے کی طرح سینٹ پیٹرزبرگ اور چیلسی نے بھی اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ کوارٹر فائنل کی سولہ میں سے بارہ ٹیموں کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔ اس میں جرمنی کے دو کلب بائر لیورکوزن اور بائرن میونخ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ انٹرمیلان، بارسلونا اور میڈرڈ بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ ساتھ ہی قبرص کا کلب نکوسیا بھی حیرت انگیز طور پر اس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت : ندیم گِل