جرمن کپ: بائرن ميونخ کی ٹيم آج ايکشن ميں
5 اگست 2013جرمن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ ميں اتوار کے روز کھيلے گئے ايک ميچ ميں تيسری ڈويژن کی ٹيم زاربروکن نے بريمن کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے شکست ديتے ہوئے سکتے ميں ڈال ديا۔ اسی دوران ايک اور غير متوقع نتيجہ اس وقت سامنے آيا، جب نيورمبرگ کی ٹيم بھی زانڈ ہاؤزن کے سامنے چار کے مقابلے ميں پانچ گول سے ڈھير ہو گئی۔ بوروسيا مؤنشن گلاڈ باخ کو بھی اتوار ہی کے روز کھيلے گئے ايک اور ميچ ميں شکست کا منہ ديکھنا پڑا، اسے ڈارم اشٹڈٹ کی ٹيم نے چار کے مقابلے ميں پانچ گول سے ہرايا۔
دريں اثناء ہيمبرگر ايس وی نے يينا کو صفر کے مقابلے ميں چار گول سے جبکہ ہينوور نے وکٹوريا ہيمبرگ کو صفر کے مقابلے ميں دو گول سے شکست دی۔ ادھر اشٹٹ گارٹ نے بھی ڈائنامو برلن کو صفر، دو سے ہرايا۔ ديگر اہم ميچوں ميں آئن تراخت فرينکفرٹ، ايف ايس وی فرينکفرٹ اور ويڈن بروک کی ٹيميں فاتح رہيں۔
قبل ازيں ہفتے کے روز کھيلے گئے ايک ميچ ميں جرمن کپ کی 2012ء کی فاتح ٹيم بوروسيا ڈورٹمنڈ نے چوتھی ڈويژن کی ٹيم ولہيلمزہيون کو تين صفر سے شکست دی۔ اسی روز بائر ليورکوزن نے بھی لپس اسٹڈٹ کو ايک کے مقابلے ميں چھ گول سے ہرايا۔
جرمن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ ميں آج بروز پير بائرن ميونخ کی ٹيم شوارس وائس ریھڈن کے خلاف ايک ميچ کھيلے گی۔
فٹ بال ٹورنامنٹ جرمن کپ کے پہلے مرحلے کا آغاز گزشتہ جمعے کے روز سے ہو چکا ہے۔ اس سلسلے کا پہلا میچ آؤگس برگ اور آر بی لائپزش کے درميان ہوا، جو آؤگس برگ نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔ جمعے کے دن ایک اَپ سیٹ بھی ہوا، جس ميں اوزنابریوک نے ایرسگبرگے اوے کے خلاف اپنا ميچ صفر کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔
جرمن کپ فٹ بال ٹورنامنٹ بنڈس ليگا کے بعد جرمنی کا دوسرا سب سے اہم فٹ بال ٹورنامنٹ ہے۔ يہ ناک آؤٹ ٹورنامنٹ ہر سال ہوتا ہے۔ پہلے جرمن کپ، جو 1935ء ميں کھيلا گيا، سے اب تک بائرن ميونخ اس ٹورنامنٹ کو سولہ مرتبہ جيت چکی ہے۔