جرمن کپ: ڈورٹمنڈ نے بائرن کو پچھاڑ دیا
13 مئی 2012برلن کے اولمپکس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈورٹمنڈ نے بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں پانچ گولز کی عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ ڈورٹمنڈ کے لیے کھیلنے والے پولش کھلاڑی رابرٹ لیوانڈاوسکی نے میچ میں ہیٹ ٹرک کی۔ اس شکست کے ساتھ ہی جرمن فٹ بال میں بائرن میونخ کا سورج غروب ہوتا دکھائی دیتا ہے، جو ڈورٹمنڈ کے ساتھ اپنے سابقہ تمام پانچ مقابلے ہار چکا ہے۔ بائرن میونخ کے لیے یہ شکست اس لیے بھی زیادہ تکلیف دہ ہوگی کیونکہ اس کے سبب اگلے ہفتے چیمپیئنز لیگ کے فائنل کے لیے ان کا مورال گرسکتا ہے۔ یورپی چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں بائرن میونخ کا مقابلہ انگلش کلب چیلسی سے ہوگا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے جرمن کپ کے فائنل میچ میں ڈورٹمنڈ کے کھلاڑی شنجی کاگاوا Shinji Kagawa نے کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کرلی۔ اس گول میں بائرن میونخ کے کھلاڑیوں کا خراب دفاعی کھیل عیاں تھا۔ بائرن کے لیے ان کے ڈچ کھلاڑی آرجن روبین Arjen Robben نے پنیلٹی کک پر گول کرکے مقابلہ برابر کیا۔ 41 ویں منٹ میں ڈورٹمنڈ کو پنیلٹی کک ملی، جسے میٹس ہمل نے گول میں بدل کر پھر ڈورٹمنڈ کو برتری دلوادی۔
پہلے ہاف کے اختتامی لمحات اور دوسرے ہاف کی ابتدا میں رابرٹ لیوانڈاوسکی نے گول کرکے اسکور چار ایک کردیا۔ ایسے میں بائرن میونخ کے فرانسیسی کھلاڑی فرینک ریبری نے گول کرکے اپنے مداحوں کے لیے پھر سے امید کی کرن پیدا کی مگر رابرٹ لیوانڈاوسکی کے تیسرے گول نے بائرن میونخ کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
فتح کے بعد ڈورٹمنڈ کے کوچ یورگین کلوپ نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وہ اس سے بہتر نتیجے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ ڈورٹمنڈ کے کپتان سباستیان کیھل نے جرمن کپ اٹھایا اور یوں ڈورٹمنڈ کو 1989ء کے بعد پہلی مرتبہ جرمن کپ کا اعزاز حاصل ہوا۔
یہ میچ دیکھنے کے لیے قریب 75 ہزار تماشائیوں کے ساتھ ساتھ جرمن صدر یوآخم گاؤک بھی برلن کے اولمپک اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ لاکھوں جرمن شائقین نے اس میچ کو براہ راست ٹیلی وژن اسکرین پر دیکھا۔
sk/aba Reuters