جرمن کپ کا آغاز
18 اگست 2012جرمن کپ کے لیے جمعے کے روز جو میچ کھیلے گئے ان میں آؤگسبُرگ نے اپنا ابتدائی میچ جیت کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آؤگسبُرگ کی ٹیم نے ولہیلم شیون (Wilhelmshaven) کو دو گول سے ہرایا۔ آؤگسبُرگ کی جانب سے ارسٹائیڈ بینسے (Aristide Bance) نے پہلے ہاف میں گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی اور پھر دوسرے ہاف میں افریقی ملک زمبابوے کے انٹرنیشنل فٹ بالر نالج موسونا (Knowledge Musona) نے گول کر کے اپنی ٹيم کی برتری کو مستحکم کر دیا۔
جمعے کے روز کھیلے گئے دو دیگر میچوں میں فرینکفرٹ اور آئنٹراخٹ براؤن شویگ (Eintracht Braunschweig) کو بھی کامیابی حاصل ہوئی۔ براؤن شویگ نے چوتھے لیول پر کھیلنے والی ٹیم لُوئبیک کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ براؤن شویگ کی جانب سے کیون کراٹس (Kevin Kratz) نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس میچ میں لُوئبیک ٹیم کے کپتان Moritz Marheineke کو خطرناک فاؤل کرنے پر میچ سے باہر کر دیا گیا تھا۔
جمعے کے روز جرمن کپ کے تیسرے میچ میں فرینکفرٹ کی ٹیم نے زونن ہوف گراس سپاخ (Sonnenhof Grossaspach) کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ گروس سپاخ کی ٹیم نے میچ کے دوسرے منٹ میں گول کر کے فرینکفرٹ کی ٹیم کو حیران و پریشان کردیا۔ تقریباً انیس منٹ بعد فرینکفرٹ کے یانک اشٹارک (Yannick Stark) نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ اشٹارک کے گول کرنے کے کچھ ہی دیر بعد میتھیو لیکی (Matthew Leckie) نے گول کیا اور اس گول کی بنیاد پر فرینکفرٹ نے میچ جیت لیا۔ دوسرے ہاف میں گروس سپاخ کی ٹیم نے میچ برابر کرنے کے لیے بہت دباؤ ڈالا مگر گول نہیں کیا جا سکا۔
جرمن فٹ بال کپ کے حصول کا ٹورنامنٹ اس لیے دلچسپ ہے کہ اس میں جرمنی کی بیشتر ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ ٹاپ لیول سے لے کر چوتھے درجے کی ٹیموں کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع ملتا ہے۔ گزشتہ سال اس کا فائنل میچ بنڈس لیگ کی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور بائرن میونخ کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ ڈورٹمنڈ نے بائرن میونخ کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی تھی۔ اس طرح رواں برس ڈورٹمنڈ جرمن کپ اور قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ٹیم ہے۔
جرمن کپ میں کل 64 ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔ بنڈس لیگا کے ٹاپ لیول کے ساتھ سیکنڈ لیول کی بھی تمام ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیتی ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کا آغاز سن 1935 میں ہوا تھا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل جرمن دارالحکومت برلن میں کھیلا جاتا ہے۔ اب تک بائرن میونخ کی ٹیم جرمن کپ کو پندرہ مرتبہ جیتنے کا اعزاز رکھتی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ناک آؤٹ بنیاد پر کھیلا جاتا ہے یعنی جو ٹیم میچ ہار گئی وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جاتی ہے۔ میچ برابر رہنے کی صورت میں اضافی وقت میں فیصلہ حاصل کیا جاتا ہے۔
(ah/as (dpa