1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: کورونا پالیسی کے خلاف احتجاج میں ہزاروں مظاہرین شریک

18 جنوری 2022

جرمنی کے مختلف شہروں میں ہر پیر کی شام منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں کی تعداد میں شہری بدستور شرکت کر رہے ہیں۔ یہ احتجاج حکومت کی کورونا پالیسیوں کے خلاف زور پکڑتے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/45fxG
جرمنی: کورونا پالیسی کے خلاف احتجاج میں ہزاروں مظاہرین شریک
جرمنی: کورونا پالیسی کے خلاف احتجاج میں ہزاروں مظاہرین شریکتصویر: Sebastian Kahnert/dpa ZB/picture alliance

برلن، کولون، کوٹبس، اور روشٹاک سمیت  جرمنی  کے کئی دیگر شہروں کی سڑکوں پر ہر پیر کی شام ہزاروں مظاہرین  حکومت کی کورونا وائرس کی روک تھام کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھی احتجاجی ریلیوں میں مظاہرین نے ویکسین لازمی لگوانے کے احکامات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بینرز اٹھا رکھے تھے۔

پولیس کے اندازوں کے مطابق ملک گیر ریلیوں میں ستر ہزار سے زائد شہریوں نے شرکت کی تھی۔

کووڈ ضوابط نظرانداز

ان احتجاجی ریلیوں میں مظاہرین کے ساتھ ساتھ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ بعض مقامات پر  کورونا پالیسیوں کے ناقدین  کے خلاف حکومتی پالیسیوں کے حامیوں نے بھی مظاہرے کیے۔

جرمنی: کورونا پالیسی کے خلاف احتجاج میں ہزاروں مظاہرین شریک
تصویر: Soeren Stache/dpa ZB/picture alliance

جرمنی کے شمالی شہر روشٹاک، مشرقی شہر باؤٹسن اور کوٹبس میں کئی مظاہرین نے چہرے پر ماسک نہیں پہنے اور سماجی فاصلہ رکھنے کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ اس دوران پولیس کی جانب سے کئی مظاہروں کو روکنے کے احکامات جاری کیے گئے کیونکہ شرکاء صحت اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد نہیں کر رہے تھے۔ تاہم زیادہ تر مظاہرے پر امن رہے۔

پولیس کے مطابق جرمنی کی وسطی ریاست تھیورنگیا میں 21000، جنوبی ریاست باویریا میں 14000 اور برلن میں تقریباﹰ 3000 افراد مختلف احتجاجی ریلیوں میں موجود تھے۔

ویکسین لازمی لگوانے پر غصہ

یہ مظاہرین  کورونا وائرس  کے خلاف ویکسین لازمی لگوانے کے احکامات کی مخالفت کرتے ہیں، جو کہ جرمنی میں ابھی تک قانون کا حصہ نہیں ہے۔

ان مظاہروں نے اس وقت مزید زور پکڑ لیا جب جرمنی کے وفاقی وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ کی طرف سے آنے والے مہینوں میں ممکنہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی بات کی گئی۔ وزیر صحت کے بقول، ''ویکسین لازمی لگوانے کے قواعد کے ساتھ میں ایسے افراد کو تحفظ فراہم کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، نا کہ تمام افراد کے لیے آئندہ موسم بہار میں پابندیاں عائد کی جائیں۔ ‘‘

برلن کے ایک مظاہرے میں شریک ایک شخص نے بینر پر لکھا تھا، ''ویکسین لگوانے والے اور نہ لگوانے والے دونوں افراد ہی لازمی ویکسینیشن کے مخالفت کرتے ہیں۔‘‘

جرمنی میں ریکارڈ کورونا انفیکشن

دریں اثناء جرمنی میں کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ  اومیکرون  بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس لیے ملک میں کووڈ کیسز کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ تاہم ابھی تک مریضوں کے ہسپتالوں میں داخلے اور اموات کی شرح میں اتنی تیزی سے اضافہ نہیں دیکھا گیا۔ اس امر کی ایک اہم وجہ ملک میں شہریوں کا زیادہ تعداد میں ویکسین لگوانا خیال کیا جاتا ہے۔

ع آ / ا ا (ڈی پی اے)

کورونا ویکسین پاس کی تفصیلات مائیکرو چِپ میں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں