جرمنی غریب ممالک کی مدد کے لیے تین بلین یورو دے گا
19 جولائی 2020برلن میں وفاقی جرمن وزارت خزانہ کی طرف سے ہفتہ اٹھارہ جولائی کی رات بتایا گا کہ چانسلر انگیلا میرکل کی حکومت نے تین بلین یورو (3.4 بلین ڈالر) کی یہ رقوم بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ رقوم آئی ایم ایف کے عالمی سطح پر غربت کے خاتمے اور ترقی میں مدد دینے سے متعلق ٹرسٹ (PRGT) کو مہیا کی جائیں گی، جن کو دنیا کے انتہائی غریب ممالک کو بہت آسان شرائط پر طویل المدتی قرضے دینے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
'دیگر ممالک بھی جرمنی کی تقلید کریں‘
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا گیورگیوا نے برلن حکومت کے اس اعلان کے بعد کہا کہ یہ جرمنی کی طرف سے ایک 'بہت ہی فراخ دلانہ پیش کش‘ ہے، جس کی دیگر ترقی یافتہ ممالک کو تقلید کرنا چاہیے۔
اپریل کے مہینے میں آئی ایم ایف کی طرف سے کہا گیا تھا کہ اس فنڈ کو اس کے رکن ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے عالمی سطح پر غربت کے خاتمے اور ترقی میں مدد کے ٹرسٹ کے لیے اربوں ڈالر کی رقوم کی فراہمی کے وعدے کیے گئے ہیں۔ ان رقوم کی مالیت 11.7 بلین ڈالر بتائی گئی تھی، اور ان مالی وسائل کی فراہمی کے وعدے آسٹریلیا، جاپان، کینیڈا، فرانس، برطانیہ اور اسپین کی طرف سے کیے گئے تھے۔
عجیب بات یہ ہے کہ اس پیش رفت میں امریکا نے اب تک حصہ نہیں لیا اور واشنگٹن کا عدم تعاون کئی ترقی یافتہ ممالک نے محسوس کیا ہے۔
جرمنی کے اعلان کے بعد پی آر جی ٹی کو دینے کے لیے اعلان کردہ فنڈز کی مالیت اب 15 بلین ڈلر سے زائد ہو گئی ہے۔
جرمنی کی طرف سے مجموعی طور پر دس بلین ڈالر
جرمن وزارت خزانہ کی طرف سے اس بارے میں کہا گیا ہے، ''ان رقوم سے بہت کم فی کس اوسط آمدنی والے ممالک کو بہت ہی آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے اور یوں سرمایے کی کمی کی وجہ سے ایسی ریاستوں کو درپیش شدید مشکلات میں کمی کی کوشش کی جائے گی۔‘‘
وزارت خزانہ کے مطابق جرمنی 2020ء اور 2021ء میں بین الاقوامی سطح پر امداد کے لیے مجموعی طور پر 8.7 بلین یورو یا تقریباﹰ 10 بلین ڈالر کے برابر رقوم مہیا کرے گا۔
م م / ع ت (روئٹرز، ڈی پی اے)