1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: لفتھانزا کے گراؤنڈ اسٹاف کی 27 گھنٹوں کی ہڑتال شروع

7 فروری 2024

لفتھانزا کے عملے نے فرینکفرٹ اور میونخ کے ہوائی اڈوں پر ہڑتال شروع کر دی ہے، جو ایک دن سے بھی زیادہ وقت تک جاری رہے گی۔ اس کی وجہ سے جرمنی کے دو مرکزی ہوائی اڈوں سے محض دس سے بیس فیصد پروازوں کی روانگی کی توقع ہے۔

https://p.dw.com/p/4c7Yh
Deutschland | Verdi-Warnstreik des Lufthansa-Bodenpersonals – München
ہڑتال کی وجہ سے فرینکفرٹ اور میونخ کے ہوئے اڈے، جو مسافروں کے حجم کے لحاظ سے جرمنی کے سب سے بڑے مرکز ہیں، سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیںتصویر: Sven Hoppe/dpa/picture alliance

جرمنی کی سرکاری ایئرلائن لفتھانزا کے گراؤنڈ عملے نے پہلے سے طے شدہ اعلان کے مطابق بدھ کے روز سے اپنی ہڑتال شروع کر دی، جس کی وجہ سے کمپنی کی ایک ہزار مقررہ پروازوں میں سے تقریبا ًاسی سے نوے فیصد کومنسوخ کرنی پڑیں۔

جرمن قومی ایئرلائن کے زمینی عملے کی بدھ کے روز ملک گیر ہڑتال

اس کی وجہ سے فرینکفرٹ اور میونخ کے ہوئے اڈے، جو مسافروں کے حجم کے لحاظ سے جرمنی کے سب سے بڑے مرکز ہیں، سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ہیمبرگ، برلن اور ڈسلڈورف جیسے دوسرے ہوائی اڈے بھی اس سے بری طرح متاثر ہوں گے۔

لفتھانزا یورپی پروازوں کے لیے علاقائی ایئر لائن شروع کرے گی

مسافر کیسے متاثر ہوں گے؟

لفتھانزا کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ سے زیادہ مسافروں کے لیے فرینکفرٹ اور میونخ سے کنیکٹ کرنے والی بیشتر پروازیں منسوخ کرنی پڑی ہیں، جنہیں دوبارہ شیڈول کرنے کی ضرورت پڑے گی۔

لفتھانزا کو ملنے والا مالی پیکج غیرقانونی تھا، یورپی عدالت

ایئر لائن نے منسوخ شدہ پروازوں کے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ دوبارہ بکنگ کے لیے ہوائی اڈوں کا رخ نہ کریں، کیونکہ کاؤنٹرز پر اس کے لیے عملہ دستیاب نہیں ہو گا۔

جرمنی کی قومی ایئر لائن لفتھانزا کا کمپیوٹر نظام تکنیکی خرابی کا شکار، تمام پروازیں منسوخ

ایئر لائن کا یہ بھی کہنا ہے کہا کہ گھریلو جرمن پرواز کے ٹکٹوں کو ریل سفر کے واؤچرز میں بھی تبدیل کرنا ممکن ہو سکے گا۔

ہڑتال کے سبب دفاتر خالی ہیں
مزدور یونین وردی کا مطالبہ ہے کہ 12 ماہ کی مدت میں عملے کے لیے اجرت میں 12.5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے، یا کم از کم 500 یورو ہر ماہ کا اضافہ ہوتصویر: Sven Hoppe/dpa/picture alliance

لفتھانزا کی ذیلی کمپنیوں اور دیگر بیرونی ایئر لائنز کے ساتھ سفر کرنے والے مسافر البتہ اس ہڑتال سے متاثر نہیں ہوں گے۔ مثال کے طور پر لفتھانزا کی ایک اور ذیلی کمپنی 'یورو ونگز' کا منصوبہ ہے کہ وہ اپنے مکمل شیڈول کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔

جرمن فضائی کمپنی مزید ہڑتالوں سے بچ گئی

میونخ اور فرینکفرٹ میں دستیاب مختصر عملے سے یہ توقع بھی کی جا رہی ہے کہ وہ لفتھانزا کی غیر ملکی ذیلی کمپنیوں سوئس، آسٹرین اور برسلز ایئر لائنز کی خدمات کو ترجیح دیں گے۔

ہڑتال کیوں کی گئی ہے؟

ڈوئچے لفتھانزا، لفتھانزا ٹیکنیک اور لفتھانزا کارگو میں تقریباً 25,000 گراونڈ اسٹاف کام کرتا ہے۔ کمپنی کے ملازمین اجرت میں اضافے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں اور اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ناکامی کے بعد ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔

 عملے نے 23 جنوری کو مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد آجروں کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔

مزدور یونین وردی کا مطالبہ ہے کہ 12 ماہ کی مدت میں عملے کے لیے اجرت میں 12.5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے، یا کم از کم 500 یورو ہر ماہ کا اضافہ ہو۔ یونین افراط زر کے اثرات کو کم کرنے کے لیے 3,000 یورو کی یک وقتی ادائیگی کا بھی مطالبہ کر رہی ہے۔

حالیہ دنوں میں ہڑتال کی وجہ سے جرمنی کے ہوائی اڈوں پر بڑی رکاوٹیں کھڑی ہوئی ہیں اور کام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ جمعرات کو وردی نے کئی بڑے ہوائی اڈوں کے سیکورٹی عملے کو بھی ہڑتال کی کارروائی میں حصہ لینے کے لیے دعوت دی تھی۔

جرمنی میں ریلوے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے دیگر شعبوں میں بھی ہڑتالیں ہوئی ہیں، جو معیشت کے لیے کافی نقصان دہ ہیں اور جرمن چانسلر اولاف شولس کی مخلوط حکومت کے لیے بھی درد سر ثابت ہو رہی ہیں۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

لفتھانزا کے تکنیکی مرکز میں کیسے کام کیا جاتا ہے ؟