جرمنی میں جنگی جرائم اور نسل کشی کا انکار قابل سزا جرم
24 نومبر 2022یوکرین کے شہر بوچہ میں مبینہ جنگی جرائم، یزیدیوں کی نسل کشی اور چین میں ایغوروں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت دنیا بھر کے تنازعات میں ہونے والے مظالم کی فہرست طویل ہے۔ اس کے باوجود بار بارکچھ لوگ کبھی ان جرائم کی سنگینی کو کم کرتے ہیں یا ان کے وقوع پزیر ہونے سے ہی انکار کرتے ہیں۔ جرمنی میں قانون ساز وں کو اب یہ صورتحال برداشت نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اگر ایسے بیانات نفرت پھیلانے یا عوامی امن خراب کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں تو ان کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جانی چاہیے۔
اس سلسلے میں جرمن پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ُبنڈس ٹاگ نے اکتوبر کے آخر میں ایک ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا اور جمعہ کوریاستی حکومتوں کی نمائندگی کرنے والے ایوان بالا یا ُبنڈس راٹ میں بھی اس ترمیم کی منظوری دی جائے گی۔ جنگی جرائم اور نسل کشی کے واقعات کی قبولیت یا ان سے انکار اور ان کی شدت میں کمی لا کر بیان کرنا، اب جرمن قانون کے تحت ''لوگوں کو اکسانے‘‘ کے زمرے میں ایک جرم ہو گا۔
یونیورسٹی آف آگسبرگ کے ایک قانونی اسکالر مائیکل کوبیسیل نے ڈی ڈبلیو کو بتایا،''یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط رہنما خطوط فراہم کرنے سے متعلق تھا کہ وہ کس طرح اور کس چیز کی تحقیقات کر سکتے ہیں لیکن سب سے بڑھ کر یہ یورپی کمیشن کے مطالبات پورا کرنے کے بارے میں تھا اور اب یہ ہو گیا ہے۔‘‘
برلن عمل کرنے پر مجبور
درحقیقت جرمنی یہ اقدام منظور کرنے میں کوئی جلدی نہیں تھی۔ یورپی یونین نے نسل پرستی سے نمٹنے کے لیے 2008 ء میں ایک ہدایت جاری کی تھی اور جرمن حکومت یورپی یونین کی ہدایات کی خلاف ورزی پرکارروائی کے خطرے کی وجہ سے اب رد عمل ظاہر کرنے پر مجبور ہوئی۔
آن لائن نفرت کے شکار افراد کی مدد کرنے والی ایک تنظیم HateAid کی چیف وکیل جوزفین بالون کے لیے تبدیلی صحیح وقت پر آئی ہے۔ بیلن نے ڈی ڈبلیوکو بتایا،''میں یہ دیکھ کر بہت پرجوش ہوں کہ ترمیم کیسے عمل میں آئے گی اور میں یقینی طور پر اس کے لیے ایک عملی گنجائش دیکھ رہی ہوں۔ ابھی یوکرین کی جنگ کے تناظر میں، ہم کچھ چیزیں دیکھتے ہیں جو اس کی زد میں آسکتی ہیں۔ میں کہوں گی کہ یہ ترمیم ایسے وقت میں آئی ہے جب یہ کافی متعلقہ ہو سکتی ہے۔‘‘
تبدیلی کے بعد شدید تنقید
قانونی اسکالرز اور مورخین کی طرف سے اس ترمیم پر تنقید بھی کی گئی ہے۔ کچھ لوگوں نے اس ترمیم میں شفافیت کے فقدان کی شکایت کی کیونکہ اس ترمیم کو کسی پیشگی اطلاع یا بحث کے بغیر منظور کیا گیا تھا۔ بعض ناقدین کا خیال ہے کہ اس کے مندرجات غیر ضروری طور پر آزادی اظہار کو کم کرتے ہیں۔
مائیکل کوبیسیل ان اعتراضات سے متفق نہیں۔ ان کا کہنا ہے ،''میرے خیال میں پوری بحث اس پرانی کہاوت کی ایک بہترین مثال ہے:کچھ بھی نہیں کے بارے میں بہت کچھ۔ اس طرح کی ترمیم کے پیچھے کوئی اسکینڈل نہیں کوبیسیل کو اس ترمیم میں آزادی اظہار کی کوئی خاص خلاف ورزی نظر نہیں آتی ہے۔
جنگ کی دھند
لیکن وہ ایک تنقید کو سمجھ سکتے ہیں: جاری تنازعات کا حوالہ۔ جرمن ترمیم واضح طور پر موجودہ تنازعات میں جنگی جرائم کے انکار کے قابل سزا ہونے کی اجازت دیتی ہےحالانکہ یورپی یونین نے اس جرم کو صرف ماضی کے جنگی جرائم تک محدود رکھنے کا اختیار کھلا چھوڑ دیا ہے، جو عدالت میں تحقیقات کے بعد ثابت ہو چکے ہیں۔
یہ سمجھ میں آنے والی بات ہے کیونکہ جنگ کے دوران سچائی شاذ و نادر ہی واضح ہوتی ہے، اور جنگ کے دوران لگائے گئے الزامات اکثر جھوٹے نکلے ہیں۔ کوبیسیل کے مطابق عدالتیں صرف اس وقت فعال ہوں گی جب جنگ کی دھند کسی حد تک ختم ہو جائے گی،''جب حقائق اتنے واضح ہو جاتے ہیں کہ استغاثہ کو یقین ہوتا ہے کہ ان کے پاس کافی ثبوت بھی ہیں۔‘‘
خارجہ پالیسی میں تناؤ کا امکان
یوکرین پر حملے اور آف لائن اور آن لائن دونوں طرح کے رد عمل سے ظاہر ہوتا ہےکہ جنگی جرائم کے انکار اور انہیں معمولی کر کے بیان کرنے کو ترمیم کا حصہ بنانا غیر اہم نہیں۔لیکن اس کے سیاسی اثرات ہو سکتے ہیں۔ ہیمبرگ یونیورسٹی میں فوجداری قانون کے اسسٹنٹ پروفیسر عزیز ایپک کا کہنا ہے کہ اگر یہ ترمیم منظور ہو جاتی ہے تو جرمن حکومت کے لیے''خارجہ پالیسی کے نازک حالات‘‘پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس بارے میں وضاحت کرتے ہوئے ایپک نے کہا کہ اگر یہ ترمیم لاگو ہو جاتی ہے تو جرمن ضلعی عدالتوں کو بین الاقوامی قانون کے تحت چینی جرائم پر بالواسطہ طور پر فیصلہ سنانا پڑ سکتا ہے۔ اس کے بعد جرمن حکومت کواب تک کے مقابلے میں زیادہ واضح پوزیشن لینی پڑ سکتی ہے۔
اگر بنڈس راٹ اس ترمیم کو منظور کر لیتا ہے تو جرمن عدالتیں موجودہ جنگی جرائم پر فیصلہ دے سکیں گی۔ جوزفین بالون کے لیے یہ اہم ہے کہ ایسا جرم کے تناسب کے حوالے سے کیا جانا چاہیے۔ وہ یہ مانتی ہے کہ ''نفرت پر اکسانا‘‘ ایک انتہائی پیچیدہ جرم ہے۔ اس میں بہت سی اصطلاحات تشریح کے لیے کافی گنجائش چھوڑتی ہیں یہی وجہ ہے کہ سرکاری وکیل اور عدالتیں پہلے ہی بہت محتاط ہیں اور صرف بہت کم تعداد میں ثابت شدہ مقدمات میں الزامات اور ٹرائل کی اجازت دیتی ہیں۔
ش ر ⁄ ع ت (بن نائٹ)
یہ آرٹیکل اصل میں جرمن زبان میں تحریر کیا گیا تھا