جرمنی میں الزائمر کے سبب ہلاکتوں کی تعداد دگنی
25 ستمبر 2022ڈی سٹاٹِس کی طرف سے بتایا گیا کہ الزائمر سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتالوں میں علاج کی ضرورت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔
رواں برس ورلڈ الزائمر ڈے بدھ 21 ستمبر کو منایا گیا۔ اس موقع کی مناسبت سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2020ء کے دوران الزائمر سے متاثرہ مریضوں کو ہسپتالوں میں داخل کرائے جانے والے واقعات کی تعداد 19,356 رہی۔ سال 2000ء میں ایسے کیسز کی تعداد 8,116 رہی تھی۔ اس طرح 2020ء میں اس اضافے کی شرح 138.5 فیصد رہی۔
ڈی سٹاٹس کے مطابق ان اعداد و شمار میں ایسا ممکن ہو سکتا ہے کہ کسی مریض کو کسی ایک سال میں اسی بیماری کے سبب ایک سے زائد مرتبہ ہسپتال داخل کرایا گیا ہو۔
جرمن شماریاتی ادارے کے مطابق جتنے افراد کو الزائمر کے سبب ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا، ان میں سے 41.5 فیصد مرد جبکہ 58.5 فیصد خواتین تھیں۔
2020ء کے دوران الزائمر کے سبب اموات کی سب سے زیادہ تعداد
سال 2020ء کے دوران 9,450 افراد الزائمر کے سبب موت کا شکار ہوئے۔ یہ کسی ایک سال کے دوران اس بیماری کے سبب ہونے والی اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ سال 2000ء میں ایسی اموات کی تعداد 4,535 تھی جو 2020ء کے مقابلے میں نصف سے بھی کم تھی۔
جرمنی میں الزائمر کے متاثرین کی سوسائٹی کے مطابق ملک میں ایسے افراد کی تعداد 1.8 ملین ہے، جن میںڈیمنشیا کی کسی نہ کسی شکل کی تشخیص ہو چکی ہے۔ ان میں قریب دو تہائی تعداد الزائمر کے مریضوں کی ہے جو اس مرض کی سب سے زیادہ عام شکل ہے۔
بڑی وجہ، بڑھتی ہوئی عمر
ڈی سٹاٹِس کے مطابق، ''الزائمر کے تشخیص شدہ مریضوں کو ہسپتالوں میں داخل کرائے جانے کے واقعات اور ان کی اموات کو ایک حد تک بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔‘‘
سال 2020ء کے دوران الزائمر کے سبب ہسپتالوں میں داخل کرائے جانے والے کُل 19,356 مریضوں میں سے نصف سے بھی زائد یعنی 11,188 کی عمر 80 برس سے زائد تھی۔ صرف 1,026 مریض ایسے تھے جن کی عمر 65 برس یا اس سے کم تھی۔
جرمنی میں عمر رسیدہ ہوتی ہوئی آبادی کا مطلب ہے کہ ملک میں اس وقت پنشنر افراد کی تعداد ماضی کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ سال 2000ء کے بعد سے 2020ء کے دوران 65 برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد قریب 33 فیصد بڑھ چکی ہے اور اب ایسے افراد کی تعداد 18.3 ملین ہے۔ جرمنی کی کُل آبادی 83.3 ملین کے قریب ہے۔
اسی دوران 80 برس سے بھی زائد عمر والے افراد کی تعداد میں اضافہ حیران کن ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ایسے افراد کی تعداد میں 90 فیصد اضافہ ہوا ہے اور 2020ء میں ان کی تعداد 5.9 ملین تھی۔
ا ب ا / م م (ڈی پی اے، کے این اے)