1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی نے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا

ندیم گِل12 اکتوبر 2013

جرمنی، بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا نے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ آئندہ برس برازیل میں کھیلا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/19yPQ
تصویر: picture-alliance/dpa

فٹ بال ورلڈ کپ کے کولیفائنگ مقابلوں کے ایک میچ میں جرمنی نے صفر کے مقابلے میں تین گول سے آئرلینڈ کو شکست دے کر آئندہ برس کے ٹورنامنٹ میں جگہ بنا لی ہے۔ گروپ سی کے اس میچ میں جیت کے بعد جرمنی کے پوائنٹس 25 ہو گئے۔ یہ میچ جرمنی کے شہر کولون میں کھیلا گیا۔

اس میچ کے بعد جرمن کوچ یوآخم لو کا کہنا تھا: ’’مجموعی طور پر، کوالیفائنگ میں ہم نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ نو میچز میں سے آٹھ جیت کر ٹیم نے اپنا کام پورا کیا۔‘‘

زغرب میں کھیلے گئے ایک میچ میں بیلجیئم نے کروشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دے کر ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کی۔ گروپ اے کے اس میچ میں فتح سے بیلجیئم 2002ء کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔

بیلجیئم کے مروان فیلانی کا کہنا تھا: ’’بیلجیئم اس ٹیم پر ناز کر سکتا ہے۔ ہم برازیل جا رہے ہیں اور کوشش کریں گے ٹورنامنٹ میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کریں۔‘‘

گروپ ای کے ایک میچ میں سوئٹزرلینڈ نے البانیہ کو ایک دو سے مات دی۔ یوں سوئٹزرلینڈ تیسری مرتبہ فٹ بال ورلڈ کپ کا ٹورنامنٹ کھیل سکے گا۔

Fußball WM-Qualifikation Belgien Kroatien
بیلجیئم نے کروشیا کو مات دیتصویر: Reuters

اس میچ کے بعد سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا: ’’سوئٹزرلینڈ ورلڈ کپ میں پہنچ گیا، ایک سے دس کے اسکیل پر میری خوشی کا کیا عالم ہے؟ تقریباﹰ 25۔ زبردست کوشش کے لیے مبارکباد۔‘‘

ایک اور میچ میں کولمبیا کا سامنا چلی سے ہوا۔ یہ میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ تاہم مقررہ پوائنٹس کے حصول پر کولمبیا 2014ء کے ورلڈ کپ میں پہنچ گیا ہے۔ اس پیش رفت پر کولمبیا کے کوچ خوسے پیکرمان کا کہنا تھا: ’’میں ورلڈ کپ کے بارے میں بات ہی نہیں کرنا چاہتا: آج، میں بہت فخر محسوس کر رہا ہوں اور اس کا پورا لطف اٹھانا چاہتا ہوں۔‘‘

جمعے کو ہی گروپ سی کے ایک میچ میں سویڈن نے آسٹریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پلے آف اسپاٹ حاصل کر لی۔

بیلاروس کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دے کر اسپین بھی ورلڈ کپ میں رسائی کے قریب پہنچ گیا ہے۔ انگلینڈ نے چار ایک سے مونتینیگرو کو ہرایا۔ ورلڈ کپ میں پہنچنے کے لیے انگلینڈ کو مزید ایک میچ جیتنا ہو گا۔ کوالیفائنگ مرحلے میں اس کا آخری میچ منگل کو پولینڈ کے ساتھ ہوگا۔

اٹلی اور ہالینڈ پہلے ہی فٹ بال ورلڈ کپ کے ٹورنامنٹ میں پہنچ چکے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ آئندہ برس برازیل میں ہوگا۔