1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی نے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا

6 اکتوبر 2017

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم نے عالمی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ مقابلوں کے سلسلے میں شمالی آئرلینڈ کو ہرا کر سن دو ہزار اٹھارہ کے ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے اپنی جگہ پکی بنا لی ہے۔

https://p.dw.com/p/2lLsq
Fußball WM Qualifikation 2018 Nordirland vs Deutschland
تصویر: Reuters/C. Kilcoyne

جرمن قومی فٹ بال کی ٹیم نے جمعرات کی شب بیلفاسٹ میں کھیلے گئے ایک میچ میں شمالی آئرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ اس ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں سباستیان روڈی، ساندرو واگنر اور جوشوا کیمش نے جرمنی کے لیے گول اسکور کیے۔ روڈی اور واگنر نے پہلے ہاف میں گول کیے اور جرمنی کو ابتدائی برتری دلوائی جبکہ کیمش نے دوسرے ہاف میں گول کر کے اس برتری کو مزید مستحکم بنا دیا۔

کنفیڈریشن کپ میں جیت، جرمن فٹ بال کا ’مستقبل تابناک‘

فٹبال رینکنگ: جرمنی پھر پہلے نمبر پر

روس اور قطر میزبان، کئی ممالک پریشان

یوں ان ورلڈکپ کوالیفائنگ مقابلوں میں جرمنی ناقابل شکست ہی رہا۔ جرمنی نے اس راؤنڈ میں مجموعی طور پر گیارہ میچ کھیلے اور سبھی میں وہ فتح یاب رہا۔ ستائیس سالہ روڈی نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا، ’’اب ہم روس جا رہے ہیں۔ ہم کامیابی کے ساتھ اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ جرمن کھلاڑی روڈی بائیس بین الاقوامی میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن ابھی تک وہ گول نہیں کر سکے تھے۔

اس کامیابی کے بعد جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لوو نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں علم تھا کہ شمالی آئرلینڈ کی ٹیم انتہائی دفاعی انداز میں کھیلے گی اور اس پر اس ٹیم کو ملکہ بھی حاصل ہے۔ تاہم ہم نے اچھا کھیل پیش کیا اور آئرش کھلاڑیوں کو انتہائی کم چانسز دیے۔‘‘

گروپ سی کے اس میچ کے دوسرے منٹ میں ہی روڈی نے گول کر دیا، جس کے بعد اکیسویں منٹ میں واگنر کے دوسرے گول نے اٹھارہ ہزار کے تماش بینوں کو خاموش کرا دیا۔ دوسرے ہاف میں 86 منٹ میں کیمش نے جب گول کیا تو جرمنی کو تین صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ تاہم کھیل کے اختتامی لمحات میں آئرش کھلاڑی ماگینس نے ایک گول کر دیا۔

اس ناکامی کے باوجود شمالی آئرلینڈ کی ٹیم ’پلے اوف‘ میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے روس میں ہونے والے آئندہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے۔ دوسری طرف انگلش فٹ بال ٹیم نے بھی جمعرات کے دن سلووینیہ کو ایک میچ میں ایک صفر سے مات دے کر آئندہ عالمی فٹ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ آئندہ ورلڈ کپ چودہ جون تا پندرہ جولائی روس میں منعقد کیا جا رہا ہے۔