1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم چین پہنچ گئی

عاطف توقیر / امجدعلی28 مئی 2009

جرمن فٹ بال ٹیم چین کی ٹیم کے ساتھ دوستانہ مقابلے کے لئے شنگھائی پہنچ گئی ہے۔ جرمنی اور چین کے درمیان یہ مقابلہ جمعہ کی شام ہو گا۔ اِس کے بعد جرمن ٹیم متحدہ عرب امارات جا کر وہاں کی ٹیم کے ساتھ بھی ایک میچ کھیلے گی۔

https://p.dw.com/p/Hzb0
جرمن ٹیم دورہ ایشیا میں چین اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں کے ساتھ ایک ایک دوستانہ میچ کھیلے گیتصویر: picture alliance / Pressefoto Ulmer

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم میں کئی نئے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں جبکہ دوسری جانب چین کی ٹیم نئے کوچ گاؤ ہونگ بو کی زیرنگرانی پہلا بین الاقوامی میچ کھیل رہی ہے۔ متحدہ عرب امارت کی ٹیم 2 جون کو جرمن ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔

جرمنی کی قومی ٹیم کے کئی اہم کھلاڑی ہفتے کے روز جرمن فٹ بال کپ کے فائنل میں لیورکوزن اور بریمن کے درمیان مجوزہ مقابلے کی وجہ سے ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، تاہم جرمن ٹیم کے مینیجر اولیور بیئرہوف ان مقابلوں کو عالمی فٹ بال کپ کے لئے تیاری کا بہترین موقع قرار دیتے ہیں۔

’’ایشیا میں ہمارے دو مقابلے ورلڈ کپ سیشن کے آغاز سے قبل ٹیم کی تیاریوں کو جانچنے کا بہترین موقع ہیں۔‘‘

ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ جرمن اسکواڈ میں شامل کئی نوجوان کھلاڑیوں کو ان مقابلوں میں شمولیت سے یہ موقع بھی ملے گا کہ وہ اپنے کھیل کے زریعے کوچز کی توجہ حاصل کر پائیں۔

جرمن ٹیم میں پانچ نئے کھلاڑیوں میں شٹٹ گارٹ ٹیم کے سٹرائیکر کاکاؤ بھی شامل ہیں۔ کاکاؤ کا تعلق برازیل سے ہے تاہم انہوں نے رواں برس فروری میں ہی جرمن شہریت حاصل کی ہے۔