جرمنی: ہوائی اڈوں پر کل سکیورٹی عملے کی ہڑتال، پروازیں منسوخ
31 جنوری 2024جرمنی کے متعدد ہوائی اڈوں پر جمعرات کو سکیورٹی کا عملہ ایک روزہ ہڑتال کرتے ہوئے اپنا کام روک دے گا، جس کے پیش نظر برلن، ہیمبرگ اور ہینوور میں ایئرپورٹس کی انتطامیہ نے کل پروازوں کی منسوخی کے اعلانات کیے ہیں۔
اس ہڑتال کا اعلان جرمنی کی ٹریڈ یونین ویرڈی نے کیا ہے۔ یہ ٹریڈ یونین تقریباً جرمنی کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے عملوں میں شامل تقریباً پچیس ہزار ملازمین کی نمائندگی کرتی ہے۔ ان ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہیں بڑھائی جائیں۔
ان کی جانب سے متوقع طور پر جمعرات کی صبح سے رات بارہ بجے تک جاری رہنے والی اس ہڑتال کے باعث نہ صرف مسافروں کو لانے لے جانے والی پروازیں، بلکہ مال بردار جہازوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوگی۔
جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ہڑتال سے فرینک فرٹ ایئرپورٹ سمیت ملک کے گیارہ بڑے ہوائی اڈے متاثر ہوں گے۔ تاہم میونخ اور نیورمبرگ کے ایئرپورٹس سمیت ان ہوائی اڈوں پر فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق جا رہی رہیں گے جہاں سکیورٹی کا عملہ سرکاری ملازمین پر مشتمل ہے۔
ہڑتال کے حوالے سے برلن ۔برانڈنبرگ ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ جمعرات کو وہاں سے روانہ ہونے والی تمام 170 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ ہیمبرگ ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے بھی کل روانگی کے لیے پلان شدہ 126 پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا ہے۔
اسی طرح ہینوور ایئرپورٹ کی ایک ترجمان نے جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ اس ہوائی اڈے پر جمعرات کو معمول کے فلائٹ آپریشنز معطل رہیں گے۔ ہینوور ہوائی اڈے پر جمعرات کو 35 پروازیں روانگی اور 34 لینڈنگ کے لیے شیڈول تھیں، اور اب ان تمام فلائٹس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ تاہم اس ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی جا سکے گی۔
ہینوور ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مسافروں کو تجویز دی ہے کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ ایئر لائن، یا فلائٹ دوبارہ بک کرانے کے لیے ٹور آپریٹر سے رابطہ کریں۔
م ا/ ک م (ڈی پی اے)