جنگلاتی آگ کے متاثرین کے لیے شین وارن نے ٹوپی نیلام کر دی
10 جنوری 2020تاريخ ساز آسٹريلوی ليگ اسپنر شين وارن کی 'بيگی گرين‘ ٹوپی کی نيلامی تقريباً ايک ملين آسٹريلوی ڈالر يا سات لاکھ امريکی ڈالر ميں ہوئی۔ يہ تمام رقوم جنگلاتی آگ کے متاثرين پر صرف کی جائے گی۔ شين وارن نے 145 ٹيسٹ ميچوں پر مبنی اپنے ٹيسٹ کيريئر ميں يہ ٹوپی پہنی، جس دوران انہوں نے سات سو سے زائد وکٹيں ليں۔ اپنی ٹوپی کے عوض اتنی بھاری رقم ملنے پر وارن کافی شکر گزار دکھائی ديے۔ انہوں نے کہا، ''يہ رقم براہ راست ريڈ کراس کو دی جائے گی۔‘‘ آسٹريليا کے کامن ويلتھ بينک نے یہ ٹوپی خریدی ہے۔ شين وارن نے اس بينک کا شکريہ ادا کيا۔
يہ امر اہم ہے کہ شين وارن ايسے واحد کھلاڑی نہيں، جنہوں نے اس مد ميں بھاری عطيہ ديا ہے بلکہ دنيا بھر سے کھلاڑی جنگلاتی آگ کے متاثرين کے ليے امداد کا اعلان کر رہے ہيں۔ فارمولا ون کار ريسنگ چيمپئن برطانوی ڈرائیور لوئس ہيملٹن نے بھی گزشتہ روز متاثرين کے ليے پانچ لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کيا۔ علاوہ ازيں وارن کے ساتھی کرکٹرز کرس لين، گلين ميکس ويل اور ڈارسی شورٹ نے بھی کہا ہے کہ اس وقت جاری 'بگ بيش ليگ ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ‘ ميں لگنے والے ہر چکھے کے ڈھائی سو ڈالر متاثرين کو ديے جائيں گے۔
امريکی ٹينس اسٹار سيرينا وليم نے اپنا ايک لباس نيلام کرنے کا کہا ہے جبکہ ٹينس کے ليجنڈ راجر فيڈرر اور وليم کے مابين آئندہ ہفتے ايک نمائشی ميچ کھيلا جائے گا، جس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی اسی مد ميں خرچ کی جائے گی۔
ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں