جوناتھن ٹراٹ آئندہ برس بھی افغان کرکٹ ٹیم کے کوچ رہیں گے
10 دسمبر 2024افغانستان کرکٹ بورڈ نے جوناتھن ٹراٹ کی افغان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔ افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کی گئی توسیع کے بعد اب ٹراٹ 2025ء کے آخر تک افغانستان کے ہیڈ کوچ کے طور پر برقرار رہیں گے۔ افغانستان نے انگلینڈ کے سابق بلے باز ٹراٹ کی قیادت میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے اس سال کے شروع میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
ٹراٹ نے افغانستان کو گزشتہ سال کے ون ڈے ورلڈ کپ میں سابق چیمپیئن انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف فتوحات دلانے میں بھی رہنمائی کی، جہاں ان کی ٹاپ ایٹ ٹیموں میں رسائی کو یقینی بنایا، جس کے باعث افغان ٹیم اگلے سال چیمپئنز ٹرافی میں ڈیبیو کرے گی۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا، ''یہ فیصلہ ان (ٹراٹ) کے ڈھائی سالہ کامیاب دور کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے دوران انہوں نے ٹیم کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔‘‘ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ ٹراٹ رواں ماہ زمبابوے کے اپنے کثیر فارمیٹ کے دورے کے ون ڈے مرحلے کے دوران ٹیم کی نگرانی کریں گے لیکن ذاتی وجوہات کی بنا پر دیگر میچوں سے محروم رہیں گے۔
حامد حسن زمبابوے میں ٹراٹ کی جگہ لیں گے۔
ش ر⁄ ا ا (روئٹرز)