جیل اور جرمانہ، رونالڈو تقریباً 19 ملین یورو دیں گے
16 جون 2018پرتگال سے تعلق رکھنے والے مشہور فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کو سترہ ملین ڈالر کے مساوی ٹیکس چھپانے کے الزام کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہسپانوی حکام کے ساتھ ایک ڈیل طے کی ہے اور اس کے تحت وہ تقریباً انیس ملین یورو جرمانہ اور دو برس کی قید بھگتیں گے۔ تاہم اس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے کہ ڈیل کے تحت رونالڈو کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند کر دیا جائے گا۔
رونالڈو اور ہسپانوی حکام کے درمیان طے پانے والی اس ڈیل کی اعلیٰ حکام نے ابھی توثیق کرنی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ہسپانوی قانون کے تحت پہلی مرتبہ جرم کرنے پر دو برس تک کی دی گئی سزا جیل کے اندر پوری کرنا لازم نہیں۔ اس ضابطے کے تحت رونالڈو کے جیل میں جانے کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔
رونالڈو ہسپانوی فٹ بال کلب ريال میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ ہسپانوی حکام کا خیال ہے کہ سن 2011 سے لے کر سن 2014 کے درمیان پرتگالی فٹ بالر نے مختلف کاروباری اداروں کے اشتہارات میں شریک ہو کر جو پیسہ بنایا تھا، اُس پر وہ ٹیکس ادا کرنے سے محروم رہے تھے اور اُن کا يہ عمل فراڈ کے زمرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو ہسپانوی حکام کے الزام کے انکاری رہے ہیں اور وہ مسلسل کہتے رہے ہیں کہ اُن کے ضمیر میں کوئی خلش نہیں کیونکہ کسی غلط کام کا ارتکاب نہیں کیا گیا ہے۔ ریال میڈرڈ نے رونالڈو کے کنٹریکٹ میں سن 2021 تک کی توسیع کر دی ہے۔ یہ توسیع گزشتہ برس نومبر میں کی گئی تھی۔
یہ امر اہم ہے کہ ریال میڈرڈ کے مشہور زمانہ فارورڈ کھلاڑی اور ہسپانوی حکام کے درمیان ڈیل ایسے وقت میں سامنے لائی گئی جب روس کی میزبانی میں جاری ورڈ کپ میں پندرہ جون کو رونالڈو نے اسپین ہی کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کی ہے۔ رونالڈو کے تین گول اِس میچ کو برابر کر سکے ہیں۔ اُن کی فری ہٹ سے ہونے والے تیسرے گول نے تو اسپین کے ہاتھ سے یقینی فتح چھین لی تھی۔
رونالڈو پانچ مرتبہ دنیا کے بہترین فٹ بالر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔