جیل سے مفرور بدنام فرانسیسی ڈکیت پھر گرفتار
3 اکتوبر 2018فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواحی علاقے ریُو کی خصوصی سکیورٹی والی جیل سے فرار ہونے والے ڈکیت رضوان فاید کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وہ رواں برس پہلی جولائی کو ریو جیل سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا۔ یہ ہیلی کاپٹر اُس کے ساتھیوں نے تربیتی مرکز سے گن پوائنٹ پر حاصل کیا تھا۔
پیرس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اُسے تین ماہ کی شدید تلاش کے بعد تحویل میں لیا گیا۔ ایک مخبری پر پیرس کے قریبی علاقے واز میں گزشتہ شب کیے گئے ایک خصوصی آپریشن کے دوران وہ پولیس کے ہاتھ چڑھ گیا۔ فاید کو پیرس کے نواحی علاقے واز کے مقام کریئی سے گرفتار کیا گیا۔ کریئی اُس کا آبائی علاقہ ہے۔
اس آپریشن میں تقریباً ایک سو پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ فاید کے تین ساتھیوں کو بھی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ پہلی جولائی کو جیل سے فرار ہونے کے بعد سے فرانسیسی پولیس اُس کے مسلسل تعاقب میں تھی۔ اس دوران وہ کئی مرتبہ گرفتار ہونے سے بال بال بچا۔ رضوان فاید کے جیل سے فرار کو کسی ہالی ووڈ کی فلم کے ایک سین سے تعبیر کیا گیا تھا۔
سن 2013 میں وہ سکودین جیل کی دیواروں کو بارودی مواد سے اڑا کر فرار ہوا تھا۔ تقریباً پانچ برس قبل وہ جیل سے فرار ہونے کے بعد صرف چھ ہفتوں بعد ہی دوبارہ پولیس کے ہاتھ لگ گیا تھا حالانکہ اُس نے پولیس سے بچنے کے لیے مختلف بھیس بھی بدلے تھے۔
رضوان فاید کو پولیس ایک باقاعدہ ڈکیت قرار دیتی ہے۔ وہ ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ بعض حلقوں کے مطابق اُس کا اپنا جرائم پیشہ گروہ ہے اور وہ اپنے حلقے میں اپنی دلیری کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے۔ پہلی ڈکیتی کے بعد وہ فرانس سے فرار ہو گیا تھا لیکن کچھ عرصے بعد لوٹ آیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ رضوان فاید نوعمری میں جرائم پر مبنی ہالی ووڈ کی فلموں سے متاثر تھا اور انہی فلموں کے کرداروں کے خواب دیکھتا ہوا وہ ایک مجرم بنا۔ اُس نے پیرس کے نواحی علاقوں میں جرائم کی فضا میں پرورش پانے والے افراد کے حوالے سے ایک کتاب بعنوان ’ڈکیتی اور جرائم کی بستیاں‘ یا فرنچ میں Braqueur: Des cités au grand banditisme بھی لکھ رکھی ہے۔
فاید الجزائر سے مہاجرت کرنے والے والدین کی اولاد ہے۔
ع ح / ا ب ا (ایلزبتھ شوماخر)