خالص کیفین پاؤڈر انسانوں کے لیے مہلک، نئی تحقیق
21 دسمبر 2024جرمنی میں عوامی صحت کو لاحق خطرات کی تشخیص اور تحقیق کے وفاقی ادارے بی ایف آر نے حال ہی میں مارکیٹ میں دستیاب غذائی سپلیمنٹس کے طور پر دستیاب ایسے مرکبات کے حوالے سے خبردار کیا ہے جن میں کیفین کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
ان مرکبات میں کیفین بہت زیادہ مقدار میں پائی جانے کے سبب اس کا تھوڑا سا بھی استعمال صحت کے لیے انتہائی مضر ہو سکتا ہے۔
یورپی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی تجویز کردہ مقدار کے مطابق صحت مند بالغ افراد کو ایک بار میں 0.2 گرام اور پورے دن میں 0.4 گرام سے زیادہ کیفین استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
تاہم خالص کیفین پاؤڈر کی اتنی کم مقدار کی درست پیمائش تقریباﹰ ناممکن ہے جس کے باعث اس کی مقدار کا محفوظ یا مقررہ حد سے تجاوز کرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
کچن میں عام طور پر استعمال ہونے والے برتن ایک گرام سے زیادہ مقدار کو نسبتاﹰ درست طریقے سے ناپ سکتے ہیں۔
انسٹیٹیوٹ کی جانب سے مزید خبردار کیا گیا ہے کہ کیفین کی بہت زیادہ مقدار بے چینی، متلی، بلڈ پریشر میں اضافہ، دل کی دھڑکن کے تیز ہونے یا اس میں بے قاعدگی کا باعث بن سکتی ہے۔
پانچ سے دس گرام خالص کیفین کا استعمال بہت خطرناک اور جان لیوا ہو سکتا ہے۔
موازنے کے لیے، ایک شخص کو 5 گرام کیفین کے لیے تقریباً 10 لیٹر کافی پینی ہوگی۔
البتہ کیفین پاؤڈر کے محض ایک یا دو چمچ استعمال سے ہی کافی کیفین حاصل کی جا سکتی ہے۔
جرمن حکام کے مطابق، ملک میں کیفین پاؤڈر کے زیادہ استعمال سے پہلے ہی ایک ہلاکت ہو چکی ہے۔
ایک نوجوان خاتون دو چمچ انتہائی مرتکز کیفین پاؤڈر کے استعمال کے باعث ہلاک ہوگئیں۔
کیفین پاؤڈر کو غذائی اشیاء کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور یہ فروخت کے لیے عام طور پر دستیاب ہے۔
ح ف / ج ا (ڈی پی اے)