خیبر پختون خوا کا ویل چئیر کرکٹ ٹورنامنٹ
صوبہ خیبرپختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں پہلے ویل چئیر کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کی تین ٹیموں کے علاوہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے معذور افراد جکی ٹیموں نے حصہ لیا۔
اپنی نوعیت کے اس پہلے خییبر پختون خوا ریجنل ویل چئیر کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل پشاور کے ٹیم نے اپنے نام کیا۔
تمام ٹیموں میں شامل اسپیشل یا معذور افراد نے اس ٹورنامنٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اس قسم کی مزید صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔
معذور افراد کے اس ٹورنامنٹ میں عام کرکٹ کی طرح ہر ٹیم گیارہ ارکان پر مشتمل تھی، جنہوں نے ویل چئیرز میں بیٹھ کر عام لوگوں کی طرح کرکٹ کھیلی۔
اس ٹورنامنٹ کا مقصد مقامی سطح پر ٹیلنٹ سامنے لانا اور معذور افراد میں یہ احساس پیدا کرنا تھا کہ وہ بھی عام لوگوں کی طرح کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔
شیدید گرمی کی وجہ سے تمام میچوں کو سات سات اووز تک محدود کردیا گیا تھا۔ تاہم موسم کی شدت کے باوجود کھلاڑیوں نے ڈسپلن اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا۔
اس ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں پشاور واریئر کے ٹیم نے فاٹا ایگلز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی، فاٹا ایگلز کے مقررہ سات اوورز میں 54 رنز کے جواب میں پشاور نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پانچ اوورز میں پورا کردیا۔
کھلاڑیوں کے حوصلہ افزائی کے لئے گراونڈ میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ جنہوں نے ہر لمحے کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچوں کے دوران پشاور کے نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کیں اور میدان میں کھلاڑیوں کے آمدورفت میں ان کا سہارا بنے رہے۔
صوبائی حکومت اور مقامی فلاحی اداروں اسپیشل لائف فاونڈیشن، پیڈو، پیراپلیجک اور یوتھ پارٹیسپیٹری فورم کے باہمی اشتراک سے یہ ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قومی ٹیم کی نمائندگی کے لئے نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئے ہیں۔
پشاور واریئر ٹیم کے کپتان عرفان اللہ سمجھتے ہیں کہ تھوڑی سی محنت اور حکومت کی توجہ سے پاکستان ویل چئیر کرکٹ ٹیم ملک کے لئے بڑے ٹائٹل جیت سکتے ہیں۔