خیبر پختونخوا: حکومت بدلی،حالات نہیں
24 جون 2013ماہرین آنیوالے دنوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کررہے ہیں۔ قیام امن کے نام پر عوام سے ووٹ لینے والی پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تاحال دہشت گردی سے نمٹنے کی لیے کوئی پالیسی سامنے نہ لاسکی یہی نہیں بلکہ دہشت گردی کی تازہ لہر کو وفاقی حکومت پر ڈالتے ہوئے اسے خارجہ پالیسی اور ڈرون حملوں کا رد عمل قرار دیتے ہوئے خود کو بری الذمہ قرار دینے کی کوشیش کررہی ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے آنیوالے مالی سال کے لیے امن امان کےلیےمختص بجٹ میں 1.82فیصد اضافہ کرتے ہوئے 23ارب روپے سے زیادہ کی رقم مختص کی ہے لیکن وہ تاحال وہ دہشت گردی کے واقعات روکنے میں ناکام نظر آتی ہے۔
عسکریت پسندوں نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ بھی رعایت نہیں کی ان کے دو ارکان اسمبلی کو اقتدار سنبھالنے کے ایک ماہ کے اندر قتل کیا گیا جبکہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کے گھر پر بھی حملہ کیا گیا پشاور کے ایک روز ہ دورے پر آنے والے پاکستان تحریک انساف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف دہشت گردی کی لیے قومی پالسیی بنانے کےلیے اجلاس بلائیں جس میں جنر ل پرویز کیانی بھی شریک ہوں کیونکہ ہمیں ہر حال میں دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جنگ جیتنی ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انساف کے صوبائی صدر اور سیپکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ قیام امن کے حوالے سے وہ کوئی بھی قدم جلد بازی میں نہیں اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا، ’’عوام نے پاکستان تحریک کو امن قائم کرنے کیلئے ووٹ دیا ہے اور ہماری ترجیحات میں بھی قیام امن ہے لیکن ہم کوئی جذباتی قدم نہیں اٹھائیں گے بجٹ اجلاس سے فارغ ہوتے ہی وفاقی حکومت سے بات کریں گے اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے انکا مزید کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر امریکہ طالبان کے ساتھ بات کرسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں کرسکتے‘‘۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کو پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کو مضبو ط کرنا ہوگا پولیس فورسز میں اضافہ وقت کا اہم تقاضا ہے جبکہ انہیں جدید سازوسامان سے آراستہ کرنا اور انٹیلی جنس کے نظام میں بہتری لانا ہوگی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کی سرحد تین اطراف سے قبائلی علاقوں سے ملتی ہے جبکہ مختلف اضلاع کے ساتھ جڑے ہوئےچھ نیم قبائلی علاقے صوبے میں قیام امن کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ ان نیم قبائلی علاقوں میں صوبائی حکومت کی عملداری نہیں ہے۔
صوبائی حکومت وقتاﹰ فوقتاﹰ پولیس کی تعداد میں اضافہ کرتی رہی ہے۔ اس کے ساتھ قلیل عرصے میں پشاور میں امن کے قیام کے لیے دو درجن چوکیوں کا قیام بھی عمل لائی ہے تاہم اس کے باوجود دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی نیم قبائلی علاقوں میں پولیس عوام کی حفاظت کی بجائے خود کو بچانے کے لیےکوشاں رہتے ہیں۔ ان نیم قبائلی علاقوں کو عسکریت پسندوں کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے، جہاں صوبائی حکومت کی عمل داری نہیں ہے اور عسکریت پسند انہی علاقوں میں چھپتے ہیں۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے دیگر اقدامات کے ساتھ ان علاقوں کی حیثیت کے بارے میں قانون سازی وقت کا اہم تقاضا ہے کہ ان علاقون کو براہ راست صوبے کے حوالے کیا جائے۔
دوسری جانب پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اب تک سینکڑوں کی تعداد میں دہشت گردی میں ملوث افراد کو حراست میں لیا ہے لیکن ابھی تک کسی کو عدالتوں سے سزاء نہیں ملی جس کی وجہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر قوانین کی کمی بتائی جاتی ہے۔ ان قوانین میں سقم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مطلوب افراد رہائی پانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
اپنے پانچ سالہ دورِ حکومت کے دوران عوامی نیشنل پارٹی اور ان کے اتحادی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کوئی موثر قانون بنانے میں کامیاب نہ ہوسکے لیکن پارٹی کے صوبائی صدر افراسیاب خٹک کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قانون سازی کی ہے اگر اسے آگے بڑھایا تو اس کے بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا ”اس جنگ میں بہت ساری کمزوریاں ہیں دہشت گردی میں ملوث افراد سے نمٹنے کیلئے قانوں سازی میں تاخیر ہوئی ہے اسکی وجہ سیاسی جماعتوں کا آپس میں اختلاف تھا لیکن اب بھی اگر حکومت چاہے تو بہت کچھ کرسکتی ہے‘‘۔
سال رواں کے دوران خیبر پختونخواہ میں ٹارگٹ کِلنگ، بم دہماکوں، خودکش حملوں کے200 سے زائد و اقعات میں کم ازکم 250 افراد مارے گئے ہیں۔ جس میں ارکان پارلیمنٹ ،اعلیٰ سرکاری اہلکار ،پولیس،تاجراور شہری شامل ہیں۔
رپورٹ: فرید اللہ خان، پشاور
ادارت: زبیر بشیر