داعش کے خلاف فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں، کیمرون
23 نومبر 2015اس موقع پر فرانسوا اولانڈ کا کہنا تھا کہ جہادی گروپ کے خلاف حملے ’برطانیہ اور فرانس کی مشترکہ ذمہ داری‘ بنتی ہے۔ قبل ازیں کیمرون نے باتاکلان کے کنسرٹ ہال میں پھول چڑھائے۔ 13 نومبر کے دہشت گردانہ حملے میں اس ہال میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کیمرون نے پیرس میں فرانسوا اولانڈ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’میں شام میں آئی ایس آئی ایل کے خلاف حملوں کے حوالے سے صدر اولانڈ کے اقدام کی بھرپور تائید کرتا ہوں۔‘‘ کیمرون کا مزید کہنا تھا، ’’میری بھی بھرپور تجویز ہے کہ برطانیہ کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے۔‘‘ کیمرون قبل ازیں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ شام میں داعش کو نشانہ بنانے کی تجویز برطانوی پارلیمان میں آئندہ چند روز میں پیش کریں گے۔
عراق میں اسلامک اسٹیٹ کو نشانہ بنانے کے لیے امریکی سربراہی میں قائم اتحاد میں برطانیہ بھی شامل ہے تاہم برطانیہ ابھی تاک شام میں اس گروپ کو حملوں کا نشانہ بنانے کے آپریشن میں شریک نہیں ہے۔
برطانوی وزیراعظم کے مطابق انہوں نے فرانس کو پیشکش کی ہے کہ وہ قبرص میں موجود برطانوی ایئربیس آر اے ایف ایکروتری RAF Akrotiri کو ان حملوں کے دوران فرانسیسی لڑاکا طیاروں میں ایندھن بھرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
پیرس حملوں کے بعد فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ یہ اعلان کر چکے ہیں کہ فرانس دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف ’حالت جنگ‘ میں ہے۔ وہ رواں ہفتے کے دوران امریکی، روسی اور جرمن سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اسی باعث اس ہفتے کو ان کے اب تک کے تین سالہ دور اقتدار کا اہم ترین ہفتہ قرار دیا جا رہا ہے۔ وہ کل منگل 24نومبر کو واشنگٹن میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گے جبکہ اس کے ایک روز بعد وہ پیرس ہی میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی بات چیت کریں گے۔
دنیا کے طاقتور ترین ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں کے حوالے سے دنیا کی توجہ کا مرکز جمعرات کے روز ماسکو ہو گا جہاں اولانڈ اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ملیں گے۔ اسلامک اسٹیٹ کی طرف سے پہلے ایک روسی مسافر طیارے کو مار گرانے اور پھر پیرس حملوں کے بعد پوٹن اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ وہ اس دہشت گرد گروپ کے خلاف جنگ کے لیے مغرب کے ساتھ زیادہ تعاون کرنے کو تیار ہیں۔
اولانڈ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں کے سلسلے میں اولانڈ اتوار 29 نومبر کو پیرس میں ہی چینی صدر شی جن پِنگ سے ملیں گے۔ سلامتی کونسل کی طرف سے جمعہ 20 نومبر کو منظور کی جانے والی قرار داد میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائی کے لیے ممالک کو ’تمام ضروری اقدامات‘ کی اجازت دی تھی۔
ادھر آج پیر 23 نومبر سے فرانس نے انتہا پسند گروہ داعش کے خلاف نئے حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے فرانس اپنا نیا ایئر کرافٹ کیریئر استعمال کر رہا ہے، جس پر چھبیس جنگی طیارے موجود ہیں۔ فرانسیسی طیارے شام اور عراق میں سرگرم داعش کے جہادیوں کو نشانہ بنائیں گے۔