دبئی: عیش نہیں، کیش کے بوجھ تلے
27 نومبر 2009حکومتی انوسٹمنٹ کمپنی ’دبئی ورلڈ‘ کی طرف سے قرضہ چکانے کے لئے مزید چھ ماہ کی مہلت کا مطالبہ سامنے آنے کے ساتھ ہی دبئی کی مالی دشواریوں کا تھوڑا بہت اندازہ ہونے لگا۔ اس خبر کے فوراً بعد ہی ایشیائی بازار حصص پر خطرات کے بادل منڈلاتے نظر آئے۔ اور یوں ٹوکیو، ہانگ کانگ اور ممبئی کی سٹاک مارکیٹوں پر مندی چھا گئی۔ ٹوکیو کا نکّئی انڈکس 3.2 فیصد گر کر 9081.52 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ اس سے قبل نکّئی جولائی میں اتنے پوائنٹ نیچے آیا تھا۔ ہانگ کانگ کے بازار میں بھی تقریباً پانچ فیصد کی کمی واقع ہوئی۔
دبئی کی مالی مشکلات اور ایشیائی مالی منڈیوں پر اس کے منفی اثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت کے مرکزی بینک کے گورنر دووُری سُبا راوٴ نے حیدر آباد میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جلدبازی میں ردّعمل ظاہر کرنے کے بجائے پہلے ’’مسئلے کی نوعیت کا مطالعہ اور اس کی حد کو سمجھنا ضروری ہے۔‘‘
دوسری جانب ’ویسٹ پیک گلوبل مارکیٹس گروپ‘ سے وابستہ ایک سٹریٹیجسٹ رابرٹ رینی نے بتایا کہ دبئی کی مالی دشواری ایک اور یاد دہانی ہے کہ ’’عالمگیر مالیاتی بحران بھلایا گیا ہے، تاہم وہ ختم نہیں ہوا ہے۔‘‘
ادھر حصص کی یورپی منڈیوں میں بھی سات ماہ کی شدید ترین مندی دیکھی گئی ہے۔ اس کی وجہ بھی ’دبئی ورلڈ‘ کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی میں چھ ماہ کی تاخیر کے اعلان کو ہی قراردیا جارہا ہے۔
دبئی میں تعمیراتی شعبے سے متعلق اس سب سے بڑے حکومتی ادارے کو اس وقت زبردست اور شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔ ’دبئی ورلڈ‘ کے متعدد تعمیراتی منصوبے اسی بحران کے باعث تاحال التوا کے شکار ہیں۔
تاہم اقتصادی ماہر عالیہ مبعید نے بتایا کہ دبئی خطیر رقوم قرضے میں حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے اور عین ممکن ہے کہ آئندہ بھی وہ اس مقصد میں آسانی سے کامیاب ہوجائے گا۔’’دبئی نے صرف گزشتہ چند مہینوں میں چھ تا دس ارب ڈالر کی رقوم قرضوں کے طور پر حاصل کی ہیں۔‘‘ مبعید کے مطابق دبئی کی مشکلات کے حل کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ اپنے مالی اداروں کے نظام کو بہتر بنانے اور قرضے چکانے کے حوالے سے کیسا منصوبہ تیار کرتا ہے۔ عالیہ مبعید نے تاہم امید ظاہر کی کہ دبئی میں یہ سب کچھ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
’دبئی ورلڈ‘ نامی اس کمپنی پر کُل 59 ارب ڈالر کا قرض ہے جبکہ دبئی پر مجموعی طور پر 80 بلین ڈالر کے قرضے۔ گزشتہ کئی برسوں سے بے انتہا ترقی کرنے والی دبئی کی معیشت سن دو ہزار آٹھ کے اواخر سے مشکلات کا شکار ہونے لگی۔ اسی وجہ سے دبئی ميں املاک کی قیمتوں ميں زبردست گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ آگے جو کچھ بھی ہو، ایک بات طے ہے کہ ریگستان میں جزیرے بنانے والی اور پاکستان سے افریقہ تک نئے شہر اور یورپی سٹائل کے ’شاپنگ مالز‘ کے منصوبے تیار کرنے والی کمپنی ’دبئی ورلڈ‘ کی ساکھ بہت حد تک متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی
ادارت: مقبول ملک