دبئی میں پاکستان کو شکست، آسٹریلیا نے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی
11 اکتوبر 2014جمعے کے دن دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستانی بلے باز ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گئے۔ پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اوپنرز احمد شہزاد اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے پاکستان کو ایک انتہائی عمدہ آغاز فراہم کیا۔ گزشتہ اکیس ماہ میں پہلی مرتبہ پاکستانی اوپنرز نے سو سے زائد رنز کی شراکت داری کی۔ لیکن اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔ یوں پاکستان کی ٹیم 49.3 اوورز میں 215 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
احمد شہزاد اور سرفراز احمد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے۔ 26 ویں اوور میں احمد شہزاد 61 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو اس کے دو اوورز بعد سرفراز احمد بھی 65 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بعدازاں کوئی بھی کھلاڑی آسٹریلوی بولرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔ اسد شفیق نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن دوسری طرف سے پاکستان کی وکٹیں مسلسل وقفے سے گرتی رہیں۔ شفیق نے انتیس رنز بنائے جبکہ فواد عالم بیس کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے کامیاب ترین بولر مچل جانسن رہے، جنہوں نے اپنے مقررہ دس اوورز میں چالیس رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے جب 216 رنز کے قدرے آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اس کی ابتدائی تین وکٹیں جلد ہی گر گئیں۔ تاہم بعد ازاں گیلن میکسویل اور کپتان جارج بیلی کی شراکت داری نے یہ میچ پاکستان کی گرفت سے چھین لیا۔ ان دونوں بلے بازوں نے پچاسی رنز کی اہم شراکت داری کی۔ جب میکسویل 76 کے انفرادی اسکور پر ذوالفقار بابر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اس وقت آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم ہو چکی تھی۔
آسٹریلیا کی طرف سے آل راؤنڈر جیمز فولکنر اور وکٹ کیپر بلے باز بریڈ ہیڈن نے اختتام پر آسانی سے اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا، فولکنر نے 26 جبکہ ہیڈن نے سترہ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ میچ کے بعد آسٹریلوی کپتان بیلی نے کہا، ’’اس وکٹ پر 220 یا 230 کا ٹوٹل ایک اچھا اسکور تھا لیکن ہماری طرف سے کچھ عمدہ پارٹنر شپ نے تمام مشکلات آسان کر دیں۔‘‘ انہوں نے اپنے بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی اوپنرز کی طرف سے ایک اچھے آغاز کے باوجود بہت عمدہ ’کم بیک‘ کیا اور پاکستان کو صرف 215 کے مجموعی اسکور تک محدود کر دیا۔
پاکستانی کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ایک عمدہ آغاز کے بعد اگر بلے باز ذمہ داری کے ساتھ کھیلتے تو مجموعی اسکور 250 ہو سکتا تھا لیکن تین رن آؤٹ اور غیر ذمہ درانہ اسٹروکس مہنگے پڑے۔ یہ امر اہم ہے کہ اس میچ میں مصباح الحق بھی پندرہ رنز بنا کر رن آؤٹ ہی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیں اپنی بلے بازی کو بہتر بنانا ہو گا۔ یہ انتہائی مشکل ہے کہ 160 یا 200 رنز بنا کسی اعلیٰ معیار کی ٹیم سے جیتا جائے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین اس سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ میچوں میں مد مقابل آئیں گی۔