دبئی، ٹارچ ٹاور میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا
21 فروری 2015
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے دبئی سے موصولہ اطلاعات کے حوالے سے بتایا ہے کہ 79 منزلہ اس عمارت میں آتشزدگی کے بعد دبئی مرینا کی کئی عمارتوں سے لوگوں کے انخلاء کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کی طرف سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹارچ ٹاور کے اوپری حصے میں کس قدر شدید آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے۔
اس عمارت کے رہائشی مہدی انصاری نے اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات تقریباﹰ دو بجے فائر الارم بج اٹھا، جس کے بعد وہ اپنی اہلیہ اور نومولود کے ساتھ اپنے اپارٹمنٹ سے نکل گئے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے دیکھا کہ آگ لگی ہوئی ہے اور عمارت کے کچھ حصے گر رہے ہیں۔ ہم نے کچھ اہم اشیا اٹھائیں اور عمارت سے باہر آ گئے۔‘‘
ٹارچ ٹاور میں زیادہ تر ایسے غیر ملکی افراد رہائش پذیر ہیں، جو دبئی میں کام کی غرض سے سکونت اختیار کیے ہوئے ہیں۔ دنیا کے طویل ترین رہائشی ٹاروز میں شمار ہونے والے اس اسکائی اسکریپر کی بلندی 336 میٹر ہے۔ آتشزدگی کے نتیجے میں اس عمارت کے متعدد لگژری اپارٹمنس کو شدید نقصان بھی پہنچا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
سول ڈیفنس کے محکمے نے ہفتے کے دن اس بلڈنگ کو کلیئر قرار دیتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے سے متاثر ہونے والے سات افراد کا علاج کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دھوئیں کی وجہ سے متاثر ہوئے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق قریبی عمارتوں کے مکینوں کو اپنے اپارٹمنٹس میں واپس جانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
دبئی میں سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر میجر جنرل راشد الثانی کے مطابق فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا اور اس آتشزدگی سے قریبی عمارتیں محفوظ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ 50 ویں منزل پر بھڑکی اور تیز ہواؤں کی وجہ سے بہت تیزی سے پھیلی۔ اس حادثے میں ٹارچ ٹاور کی بیس منزلیں متاثر ہوئی ہیں۔
ادھر ٹارچ ٹاور کے رہائشیوں نے بھی فائٹر فائٹرز کے فوری ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی کام بہت جلد شروع ہو گئے اور آگ بجھانے والے عملے نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود دو گھنٹوں میں آگ پر قابو پا لیا۔ حکام نے اس حادثے کے لیے کسی تخریبی کارروائی کو فوری طور پر خارج ازمکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل تفتیش کے بعد حتمی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے گی۔
ادھر ابو ظہبی کے ایک علاقے میں ہفتے کے دن آتشزدگی کے ایک اور واقعے میں دس غیر ملکی باشندوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ٹائر شاپ کی دوکان کے اوپر دو منزلہ عمارت میں اس حادثے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔