روس میں بچوں کے بغیر زندگی کی ترویج و تشہیر اب قابل سزا جرم
7 دسمبر 2024روسی قانون سازوں نے ایک نیا قانون منظور کیا ہے جو کہ روسی شہریوں کی والدین بنے بغير زندگی گزارنے کی حوصلہ افزائی کرنے والے مواد کی تشہیر پر پابندی عائد کرتا ہے۔
یہ فیصلہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے، جب روس میں شرح پیدائش اپنی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور صدر ولادیمیر پوٹن نے روسی خاندانوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ بچے پیدا کریں۔
روس نے سولہ ہزار یوکرینی بچے کس طرح اغواکیے؟
روسی پارلیمان کے ایوان زیریں دوما کے اسپیکر ویاچسلاف وولودن نے اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا، ’’ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اس نظریے سے محفوظ رکھنا ہے جو انٹرنیٹ، میڈیا، فلموں اور اشتہارات کے ذریعے عام لوگوں میں بچوں کے بغیر زندگی کے رویے کو فروغ دے رہا ہے۔‘‘
وولودن نے یہ بھی کہا، ’’ہم بچوں، خاندانوں اور روایتی اقدار کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط قانونی ڈھانچہ تشکیل دے رہے ہیں۔‘‘
جرمنی میں شرح پیدائش ایک دہائی کی نچلی ترین سطح پر
یہ بل پارلیمنٹ میں پہلی بار پیش کیا گیا ہے اور اس کی منظوری کے بعد اب اسے مکمل قانون بننے کے لیے مزید دو مراحل سے گزرنا ہو گا۔ وولودن نے اسے ’’نظریاتی جنگ‘‘ کا حصہ قرار دیا، جس میں 2023ء میں روسی سپریم کورٹ کی جانب سے ہم جنس پرستوں کے حقوق کی بین الاقوامی تحریک پر پابندی لگانے کے فیصلے کی گونج سنائی دیتی ہے۔
بچے، جنگی جرائم کا فراموش کر دیے جانے والے شکار
ایک روسی خاتون نے اس بارے میں ڈی ڈبلیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر ان کے لیے شدید صدمے کا باعث بنی۔ انہوں نے اسے روس میں ’’خواتین کے حقوق کو مزید محدود کرنے کی ایک اور کوشش‘‘ کا نام دیا۔
’بچوں کے بغیر زندگی‘ کی تشہیر پر جرمانہ
اس قانون کے تحت روس میں اگر کوئی شخص بچوں کے بغیر زندگی گزارنے کی ترغیب دے گا، تو اسے چار لاکھ روبل (تقریباً چار ہزار یورو) تک کا جرمانہ کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ یہی خلاف ورزی اگر کسی کاروباری ادارے کی طرف سے کی جائے گی، تو اسے پانچ ملین روبل تک کا جرمانہ کیا جا سکے گا۔
دو ہزار چالیس تک جرمنی کی آبادی میں متوقع اضافہ صرف صفر اعشاریہ چھ فیصد
اس نئے روسی قانون کے مسودے میں یہ بھی طے کر دیا گیا ہے کہ اگر روس میں اس قانون کی خلاف ورزی کوئی غیر ملکی شہری کرے گا، تو اسے ملک بدری کی سزا کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ مسودہ قانون ایک ایسے وقت پر منظور کیا گیا ہے، جب روس میں بچوں کی شرح پیدائش پچھلے 25 برسوں کے دوران اپنی نچلی ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
بھارت: کم از کم تین بچے پیدا کریں، آر ایس ایس سربراہ کی اپیل
روسی خاتون رکن پارلیمان ایلویرا آئیتکولوفا نے، جو اس قانونی بل کے محرکین میں شامل تھیں، وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’روس میں 22 فیصد جوڑوں کے بچے نہیں ہیں۔ اور انہیں انسانوں کے سماجی رویوں پر اثر انداز ہونے والے موقف اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مخصوص طرز زندگی کی تشہر کے ساتھ اس بات کا قائل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جیسے بچوں کے بغیر زندگی گزارنا معمول کی بات ہے۔‘‘
ش خ ⁄ ج ا (اے ایف پی)