1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں فیفا ورلڈ کپ ماسکو میں بڑی تبدیلیوں کا باعث

22 جون 2018

روس میں عالمی کپ مقابلوں کے انعقاد کے باعث اس ملک میں کئی تبدیلیاں بھی دیکھی جا رہی ہیں۔ بالخصوص دارالحکومت ماسکو میں سیاحوں کے رش کے باعث اس شہر کا نقشہ ہی بدل گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/306xK
Russland WM 2018 l Brasilien vs Costa Rica - Fan
تصویر: Imago/Agencia EFE/J. Herrero

روس میں فیفا ورلڈ کپ 2018 کے انعقاد کی وجہ سے ایسے تمام شہروں میں ایک تبدیلی نوٹ کی گئی ہے، جہاں فٹ بال کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ماسکو میں تو روزمرہ زندگی کے معمولات ہی بدل گئے ہیں۔ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کئی لوگ سخت سکیورٹی انتظامات کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ تاہم ان مقابلوں کا کامیاب انعقاد بہرحال جاری ہے۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ماسکو میں ہونے والی پانچ اہم تبدیلیوں پر۔

خوشی اور مسکراہٹ

جب سے عالمی کپ شروع ہوا ہے، ماسکو میں مسکراہٹیں بکھر رہی ہیں۔ مغربی ممالک کے برعکس روس کی سڑکوں یا عوامی مقامات پر لوگ مسکراتے نظر نہیں آتے۔ روس میں کہاوت مشہور ہے کہ ’بغیر کسی وجہ سے مسکرانا، بیوقوفی کی نشانی ہے‘۔ روسی باشندوں کا مزاج دوستانہ ہوتا ہے لیکن وہ اجنبیوں سے زیادہ گھلتے ملتے نہیں۔ تاہم جب کوئی غیر ملکی دوستی کے دائرے میں آ جاتا ہے، تو روسی لوگ اس کی خوب خاطر مدارت کرتے ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران البتہ ماسکو میں مقامی لوگ مسکراتے اور زیادہ دوستانہ رویوں کا اظہار کر رہے ہیں۔

ماسکو کی میٹرو لائن میں شور شرابا

ماسکو میں میٹرو ٹرین اسٹیشنوں پر زیادہ تر خاموشی ہی ہوتی ہے لیکن ورلڈ کپ کے دوران یہ خاموشی ٹوٹ چکی ہے۔  ماسکو کے انہی اشٹیشنوں پر عمومی طور پر بزرگ بالخصوص خواتین اونچا بولنے والوں کو اپنی آواز آہستہ کرنے کا بھی کہہ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی اگر کوئی کسی غیر ملکی زبان میں بول رہا ہو، تو روسی اسے مڑ کر بھی نہیں دیکھتے۔

دھنگ رنگ پرچم

اس عالمی کپ کے دوران روسی حکام کے رویوں میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے۔ روس میں ہم جنس پرست افراد کے خلاف نام نہاد پراپیگنڈا قوانین لاگو ہیں۔ تاہم ان مقابلوں کے دوران متعلقہ حکام زیادہ سختی نہیں کر رہے۔ لوگ ماسکو کی سڑکوں پر مخصوص دھنک رنگ پرچم لہراتے نظر آ رہے ہیں، جو ہم جنس پرست افراد کے حقوق کی علامت تصور کیے جاتے ہیں۔ عام حالات میں روس میں ایسے پرچموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔

حکومت مخالف مظاہرین کے خلاف نرمی

حالیہ برسوں کے دوران حکومت نے مظاہرین کے خلاف اپنی کارروائی زیادہ سخت کر دی ہے۔ بالخصوص سن دو ہزار گیارہ اور دو ہزار تیرہ میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سے۔ اب ہر کسی کو کوئی بھی مظاہرہ کرنے سے قبل نہ صرف متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوتی ہے بلکہ اس دوران گرفتاریاں بھی عام سی بات ہیں۔ تاہم ورلڈ کپ مقابلوں کے دوران حکومت نے اس حوالے سے نرمی برتنا شروع کر دی ہے۔

پولیس اہلکاروں کے رویے میں نرمی

عالمی کپ مقابلوں کی وجہ سے روسی پولیس کے رویوں میں نرمی نمایاں ہے۔ ماسکو میں عوام کی اعلیٰ پولیس اہلکاروں تک رسائی انتہائی آسان ہو گئی ہے، جو عام حالات میں ناممکن خیال کی جاتی تھی۔ ماسکو میں فٹ بال کے فین ایک امریکی شہری نے تو ایک پولیس اہلکار کے ساتھ رقص بھی کیا۔ ورلڈ کپ مقابلے ابھی مزید تین ہفتے جاری رہیں گے۔ تاہم سوال یہ ہے کہ اس ورلڈ کپ کے بعد بھی ماسکو میں ایسے ہی خوش گوار حالات برقرار رہ سکیں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں