1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں ٹرین حادثہ، انیس افراد مارے گئے

عاطف بلوچ ڈی پی اے
6 اکتوبر 2017

روس میں ایک ٹرین اور بس کے ٹکرانے کی وجہ سے انیس افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ جمعے کو علی الصبح ولادیمیر نامی شہر میں رونما ہوا۔

https://p.dw.com/p/2lJSL
Russland Zugunglück in Moskau
تصویر: Reuters/M. Shemetov

خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے روسی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ماسکو سے ایک سو نوے کلومیٹر دور واقع ولادیمیر نامی شہر میں رونما ہونے والے اس حادثے کے نتیجے میں میں پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ طبی ذرائع نے انیس ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے اور خدشہ ہے کہ اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گيا ہے اور انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ مقامی حکام نے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی یہ ریل گاڑی سینٹ پیٹرز برگ سے نزہنی نووگورود جا رہی تھی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرکاری روسی نیوز ایجنسی TASS کو بتایا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرین کراسنگ پر بس ٹرین سے ٹکرائی۔ ایسی اطلاعات ہیں یہ بس کراسنگ میں پھنس گئی تھی اور ٹرین رک نہ سکی تاہم تاحال اس حادثے کے مصدقہ حالات اور محرکات کا علم نہیں ہو سکا ہے اور مقامی حکام نے تفتیشی عمل شروع کر دیا ہے۔