1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس نے کبھی سیاسی تبدیلی کی بات نہیں کی، بشارالاسد

بینش جاوید14 جولائی 2016

شام کے صدر بشارالاسد کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کبھی شام میں سیاسی تبدیلی یا عبوری حکومت کے قیام کی بات نہیں کی۔

https://p.dw.com/p/1JOxm
Syrien Präsident Bashar Assad
شام میں خانہ جنگی کی صورتحال کے باعث اب تک ڈھائی لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور قریب 12 لاکھ شامی افراد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

این بی سی نیوز چینل کو ایک انٹرویو میں شامی صدر نے ترکی، قطر اور سعودی عرب پر دہشت گرد گروہوں کی امداد کرنے کا الزام عائد کیا اور اس کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک القاعدہ جیسے گروہوں کی معاونت کر رہے ہیں۔ بشار الاسد نے کہا،’’روسی سیاست کی بنیاد معاہدے نہیں ہوتے بلکہ ماسکو اصول کی سیاست کرتا ہے جبکہ امریکا اپنی سیاست میں اقدار کو نظر اندز کرتے ہوئے سمجھوتے کرتا ہے۔‘‘

بشارالاسد نے مزید کہا کہ روس اور دمشق دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے ایک سوچ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ شامی حکومت اور حزب اختلاف کے مابین مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ حزب اختلاف کی جانب سے بشارالاسد کو صدر کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ رہا ہے۔ اس حوالے سے روس کی پالیسی کبھی واضح نہیں ہوئی۔ امریکی نیوز چینل کو بشارالاسد نے بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے شام کی مدد کرنے کے بدلے ان سے کبھی کچھ طلب نہیں کیا اور چین اور ایران بھی ان کی حکومت کی تائید کرتے ہیں۔

Wladimir Putin Russland Präsident
شامی صدر کہتے ہیں کہ روس اور دمشق دہشت گردی کے خاتمے کے حوالے سے ایک سوچ رکھتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Y. Kochetkov

ایک سوال کے جواب میں شامی صدر نے کہا کہ روسی مدد کے باعث آج شامی افواج دہشت گردوں کے مقابلے میں مضبوط ہیں اور انہیں شکست دے رہی ہیں انہوں نے اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکی فضائی حملوں کی مذمت کی اور انہیں غیر قانونی قرار دیا۔ اس حوالے سے شامی صدر نے کہا،’’ امریکی فضائی حملوں کے بعد سے شام میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ روس کی مداخلت سے دہشت گردانہ کارروائیوں میں کمی آئی ہے۔‘‘

بشار الاسد نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خاتمے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ جنگ زدہ ملک کے صدر نے کہا کہ ان کی افواج سن 2012 میں امریکی صحافی میری کولون کی ہلاکت کی ذمہ دار نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے میری کولون کے خاندان نے شامی حکومت کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس انٹرویو کے دوان بشارالاسد نے کئی مرتبہ دہرایا کہ وہ تب تک اقتدار میں رہیں گے جب تک شام کے عوام یہ چاہیں گے۔

Syrien Aleppo Zerstörung Raketenangriff
شامی صدر نے ترکی، قطر اور سعودی عرب پر دہشت گرد گروہوں کی امداد کرنے کا الزام عائد کیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

بشار الاسد کے خلاف مزاحمت کا آغاز سن 2000 اور سن 2001 کے درمیان شروع ہوا جب انہوں نے اپنے والد کی قیادت کے بعد ملک کی باگ ڈور سنبھالی۔ عوام کے خلاف ریاست کے کریک ڈاؤن نے ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کر دی جس کے باعث اب تک ڈھائی لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور قریب 12 لاکھ شامی افراد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید