رونالڈو سال کے بہترین فٹ بالر
14 جنوری 2014اٹھائیس سالہ رونالڈو ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہیں۔ سال کے بہترین فٹ بالر کے ایوارڈ کے لیے ان کا مقابلہ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے ایف سی بارسلونا کے اسٹار لیونیل میسی اور فرانس سے تعلق رکھنے والے بائرن میونخ کے کھلاڑی فرانک ربیری سے تھا۔ رونالڈو تقریباً اٹھائیس فیصد ووٹ لے کر سن دو ہزار تیرہ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میسی، جو گزشتہ چار برسوں سے لگاتار یہ ایوارڈ جیتتے آ رہے تھے، کو قریباً پچیس فیصد اور ربیری کو چوبیس فیصد کے قریب ووٹ ملے۔
فیفا بیلن ڈئیور ایوارڈ کے لیے فٹ بال کی قومی ٹیموں کے کپتان، قومی ٹیموں کے کوچ اور دنیا بھر کے چنندہ صحافی ووٹ ڈالتے ہیں۔ رونالڈو سن دو ہزار آٹھ میں بھی سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔ تاہم وہ گزشتہ چار برسوں میں سے تین مرتبہ میسی کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
انعام جیتنے کے بعد رونالڈو کی آنکھوں میں آنسو تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ان کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرنا بہت مشکل ہے۔ رونالڈو سن دو ہزار تیرہ میں بے حد فارم میں دکھائی دیے۔ انہوں نے چھپن میچوں میں چھیاسٹھ گول کیے۔ تاہم ان کا کلب ریئل میڈرڈ کوئی بھی ٹرافی جیتنے میں ناکام رہا۔
ربیری بھی اس ایوارڈ کے لیے پسندیدہ قرار دیے جا رہے تھے۔ گو کہ ان کے گولوں کی تعداد رونالڈو اور میسی جتنی نہیں تھی تاہم انہوں نے اپنے کلب کی بنڈس لیگا اور چیمپئنز لیگ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
چار سال تک یہ ایوارڈ اپنے پاس رکھنے والی میسی کا گزشتہ برس ان کے اپنے اعلیٰ معیار کے حساب سے اتنا اچھا نہ رہا۔ اس کے باوجود وہ ہسپانوی لیگ لا لیگا کے ٹاپ اسکورر رہے اور انہوں نے بارسلونا کو لا لیگا جتوانے میں بڑا کردار ادا کیا۔ تاہم وہ سن دو ہزار تیرہ میں کئی بار انجریز کا شکار ہوئے۔ سال کے آخری دو ماہ وہ فٹ بال کے میدان سے اسی باعث باہر رہے۔
ادھر سال کے بہترین کوچ کا ایوارڈ بائرن میونخ کے سابق کوچ یوپ ہائنکیس نے جیتا جبکہ سال کی بہترین خاتون فٹ بالر نادینے آنگیرر قرار پائیں۔