1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریحام خان کا انٹرویو کیوں کیا ؟ صحافی پر کڑی تنقید

بینش جاوید
30 جولائی 2018

سی این این کی صحافی ہانا وائگھن جونز کو عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا انڑویو کرنے پر آن لائن شدید قسم کی تنقید اور نا زیبا الفاظ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/32JD6
Pakistan Reham Khan Ehefrau des Politikers Imran Khan
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

بین الاقوامی نشریاتی ادارے سی این این کی صحافی  ہانا وائگھن جونز  نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا انڑویو کیا تھا۔ اس صحافی نے ان سے ملک میں ہونے والے انتخابات اور پاکستان تحریک انصاف سے متعلق سوالات کئے۔ ریحام خان جو کہ پاکستان تحریک انصاف کی ناقد ہیں اور عمران خان کے بارے میں حیرت انگیز انکشافات اپنی حالیہ کتاب میں بھی کر چکی ہیں، نے اس پروگرام میں پاکستان کے حالیہ انتخابات کو شفاف نہیں ٹھہرایا۔ ریحام  کی رائے میں پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے عمران خان اقتدار حاصل کریں گے۔

اس انٹرویو کے نشر ہونے کے بعد سی این این کی صحافی کو ٹوئٹر پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ جونز نے اپنی ٹویٹ میں لکھا،’’ریحام خان کا انٹرویو کرنے کے بعد ٹوئٹر پر مجھے انتہائی نازیبا الفاظ کا نشانہ بنایا گیا۔ ریحام خان کو  پروگرام میں اس لیے مدعو کیا تھا کیوں کہ وہ عمران خان اور پاکستان کے حوالے سے کافی کھل کر بات کرتی ہیں۔ ان سب کو شرمندہ ہونا چاہیے جو آزادیء اظہار کا جواب نفرت اور بدتہذیبی سے دیتے ہیں۔‘‘

امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے جونز کی اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا،’’سمجھ دار پاکستانی آپ کی رائے کی عزت کرتے ہیں۔ زیادتی کرنے والے دکھی ہیں اور انتہا پسندانہ سوچ کے حامل ہیں۔ یہ ہم میں سے بہت سے لوگوں کو روز نشانہ بناتے ہیں۔ آپ انہیں نظر انداز کریں۔‘‘

سوشل  میڈیا صارف کیرین بیلی نے لکھا،’’ اگر کوئی انٹرویو دینے اور کرنے والے کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتا تب بھی کسی کو نازیبا الفاظ استعمال کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ گالیاں دینے والے اپنی دلیلوں کو خود کمزور کر دیتے ہیں۔‘‘

صحافی مرتضیٰ سولنگی نے بھی سی این این کی صحافی کو جواب دیتے ہوئے لکھا،’’ آن لائن ٹرولز بس یہی کرتے ہیں، صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں۔‘‘