زمبابوے کے خلاف فہیم اشرف کی پانچ وکٹیں
18 جولائی 2018زمبابوے کے شہر بولا وایو میں بدھ کے دن کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تاہم مہمان ٹیم کی بیٹنگ بری طرح ناکام ہو گئی۔ زمبابوے کی طرف سے شبابہا سولہ رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔
اس میچ میں زمبابوبے کے صرف تین کھلاڑی ہی ڈبل فیگرز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 26 ویں اوور میں آؤٹ ہو گئی۔ ون ڈے میچوں میں پاکستان کے خلاف زمبابوے کا یہ کم ترین مجموعہ ہے۔
پاکستان کی طرف سے نوجوان بولر فہیم اشرف نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جو ون ڈے میں ان کی بہترین بولنگ ثابت ہوئی۔ اس کارکردگی پر انہیں اس میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ جنید خان نے دو اور عثمان خان، شاداب خان اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں یاسر شاہ دو برس بعد پہلی مرتبہ ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے۔
پاکستان نے جب اس آسان ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنر امام الحق پہلی گیند پر ہی آؤٹ ہو گئے۔ تاہم فخر زمان اور ون ڈاؤن بابر اعظم نے اعتماد سے بلے بازی کی اور دسویں اوور میں ہی مطلوبہ ہدف عبور کرتے ہوئے پانچ میچوں کی اس ون ڈے سیریز میں تین صفر سے فیصلہ کن برتر حاصل کر لی۔
فخر زمان نے تینتالیس جبکہ بابر اعظم نے انیس رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔ اس سیریز کا چوتھا میچ بیس جولائی کو بولا وایو میں ہی کھیلا جائے گا۔