1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سال کی بہترین فلموں کی دوبارہ نمائش کا امریکی فیسٹول

عابد حسین5 نومبر 2015

امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کا بہترین فلموں کی دوبارہ نمائش کے فیسٹول کا آغاز ہو گیا ہے۔ اِس فیسٹول میں سال کی کئی بہترین فلموں کو شائقین کے لیے دوبارہ نمائش کے لیے پیش کیا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1H0ct
تصویر: Reuters

امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کا سالانہ فیسٹول ایسے موقع پر ہر سال کیا جاتا ہے، جب ہالی ووڈ فلم ورلڈ کے مختلف ایوارڈز کی نامزدگیوں کے اعلان کا وقت خاصا قریب ہوتا ہے۔ نامزدگیوں کے اعلان کے بعد اگلے مہینے دسمبر کے وسط سے ایوارڈز کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور یہ اگلے برس فروی تک جاتا ہے۔ ان میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ سب سے معتبر آسکر ایوارڈز بھی شامل ہیں۔ آسکر ایوارڈز کی نامزدگیاں وسط جنوری میں اعلان کی جائیں گی جبکہ ایوارڈ اٹھائیس فروری کی شام میں تقسیم کیے جائیں گے۔

رواں برس کا فیسٹول آج جمعرات سے شروع ہو گیا ہے اور اگلے سات دن تک جاری رہے گا۔ اِس دوران رواں برس کی کئی فلموں کی دوبارہ نمائش کی جا رہی ہے۔ ان میں انجلینا جولی کی ’بائی دی سی‘ کے علاوہ امریکن نیشنل فٹ بال لیگ سے متعلق فلم ’کَنکَشن‘ کو اہم خیال کیا گیا ہے۔ ’بائی دی سی‘ کی ہدایتکارہ انجلینا جولی ہیں اور فلم میں اُن کے ساتھ اُن کے شوہر براڈ پٹ بھی ہیں۔ فلم ’کَنکَشن‘ میں وِل اسمتھ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ اِسی طرح رواں برس کی ایک اور اہم فلم ’ دی بِگ شارٹ‘ بھی فیسٹول میں شامل ہے۔

Filmfestival Cannes 2015 CHRONIC von Michel FRANCO
فلم کیرول کا ایک منظرتصویر: Festival de Cannes 2015

امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کے خصوصی فیسٹول میں ہر قسم کی فلم پیش کی جاتی ہے اور اُس کی شرط یہ ہے کہ فلم جمالیاتی اعتبار سے انتہائی مہارت سے تیار کی گئی ہے۔ اِس سے مراد غیر معیاری فلموں کی گنجائش نہیں ہے۔ آج سے شروع ہونے والے فیسٹول میں ڈراؤنی فلم ’رُوم‘ کو بھی شائقین کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اِسی طرح سن 1950 میں دو خواتین کی ایک دوسرے کے ساتھ جذباتی وابستگی پر مبنی فلم’ کیرول‘ کو بھی اسکرین کیا جائے گا۔ فلم ’کیرول‘ کے حوالے سے خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ آسکر ایوارڈز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔

امریکی شو بزنس کے ساتھ وابستہ اہم نام ٹام او نیل کا کہنا ہے کہ امریکن فلم انسٹیٹیوٹ کا فیسٹول اکیڈمی ایوارڈ کی نامزدگیوں میں آسانی فراہم کرنے کا ایک پلیٹ فورم قرار دیا جا سکتا ہے۔ اونیل کا مزید کہنا ہے کہ ہالی ووڈ انڈسٹری کے ایوارڈز سیزن کے لیے یہ ہفتہ انتہائی اہم ہو سکتا ہے۔ مختلف ناقدین کا کہنا ہے کہ رواں برس کا امریکن فلم انسٹیٹیوٹ اِس لیے بھی اہم ہے کہ اِس مرتبہ کوئی فلم ابھی تک نمایاں قرار نہیں دی گئی ہے اور شامل فلموں سے رائے ممکن ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ گزشتہ برس اِس فیسٹول میں شامل فلموں ’سیلما‘ اور ’امریکن اسنیپر‘ کو بعد ازاں آسکر ایوارڈ کی نامزدگیوں میں بہترین فلم کی کیٹگری حاصل ہوئی تھی۔