1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سزا یافتہ مجرموں کا ڈیٹا عمر بھر رکھنا غلط، یورپی عدالت

24 فروری 2024

یورپی عدالت انصاف کے ایک حالیہ فیصلے کے مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک میں پولیس کی جانب سے سزا یافتہ مجرموں کا ڈیٹا ان کے انتقال تک محفوظ رکھنا مروجہ یورپی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

https://p.dw.com/p/4cpUv
یورپی عدالت انصاف ستائیس رکنی یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت ہے
یورپی عدالت انصاف ستائیس رکنی یورپی یونین کی اعلیٰ ترین عدالت ہےتصویر: DesignIt/Zoonar/picture alliance

یورپی یونین کی اس اعلیٰ ترین عدالت نے اپنا یہ فیصلہ رکن ملک بلغاریہ کی ایک عدالت کی ایسی کارروائی کے پس منظر میں سنایا، جو ایک ایسے بلغارین شہری کے خلاف مقدمے سے متعلق تھی، جسے ماضی میں بطور گواہ ملکی عدالت میں غلط بیانی کا مرتکب ٹھہرایا گیا تھا۔

گھریلو تشدد کی شکار خواتین کو یورپ میں پناہ گزین کی حیثیت سے تسلیم کیا جائے گا، یورپی عدالت انصاف

بعد ازاں یہ شخص اپنی ایک سال کی سزائے قید کاٹنے کے بعد پولیس ریکارڈ سے اپنی ذاتی معلومات ختم کروانا چاہتا تھا۔ اس نے پولیس حکام کو درخواست بھی دی تھی، لیکن اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا۔

بلغاریہ میں نافذ ملکی قوانین کے تحت پولیس سزا یافتہ مجرموں کی انگلیوں کے نشانات، تصاویر اور ڈی این اے کے نمونوں کے ساتھ ساتھ ان کے جرائم سے متعلق ڈیٹا ایسے مجرموں کی موت تک محفوظ رکھ سکتی ہے اور ایسا کرتی بھی ہے۔

اس بارے میں یورپی عدالت انصاف (ای سی جے) نے اب اس عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے کہ سزا یافتہ مجرموں کو یہ حق حاصل ہے کہ رکن ممالک کے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایسے افراد کو ذاتی اور ان کے جرائم سے متعلق ڈیٹا ان کی موت تک محفوظ نہ رکھیں۔

اٹلی کا پہلی بار یورپی یونین کے کسی رکن ملک کے خلاف مقدمہ

یورپی عدالت انصاف یورپی یونین کے رکن ملک لکسمبرگ میں قائم ہے
یورپی عدالت انصاف یورپی یونین کے رکن ملک لکسمبرگ میں قائم ہےتصویر: picture alliance/dpa

مسافروں کا کتنا فلائٹ ڈیٹا حکام کے پاس، عدالت نے حد طے کر دی

اس یورپی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سزا یافتہ مجرموں کا ڈیٹا ان کے انتقال تک پولیس کی جانب سے محفوظ رکھا جانا ''صرف مخصوص حالات میں ہی جائز ہے۔‘‘

عدالتی فیصلے کے مطابق اگر ایسی معلومات کا مستقل محفوظ رکھا جانا ''جرائم کی روک تھام، تفتیش اور عدالتی کارروائی یا مجرموں کے سنائی گئی سزاؤں پر عمل درآمد کے لیے بوجوہ ضروری اور یوں جائز‘‘ قرار دے بھی دیا جائے، تو بھی ایسے ''محفوظ ڈیٹا کا وقتاً فوقتاً جائزہ‘‘ لیا جاتا رہنا چاہیے۔

بے سہارا بچے بیدخل نہ کیے جائیں، یورپی عدالتِ انصاف

یورپی یونین کے رکن ممالک میں مجموعی طور پر پرسنل ڈیٹا کے تحفظ کے لیے سخت قوانین نافذ ہیں۔ اس سلسلے میں اس بلاک کا 2018ء کا جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن تو بین الاقوامی سطح پر خصوصی اہمیت کا حامل قانون سمجھا جاتا ہے۔

م ق / م م (ڈی پی اے)