سعودی ولی عہد کے خلاف جرمنی میں خاشقجی قتل کی شکایت درج
2 مارچ 2021صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈرز نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف استنبول کے سعودی سفارت خانے میں قتل کیے گئے صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام کے تحت جرمنی کے وفاقی دفتر استثغاثہ کو ایک شکایت جمع کرائی ہے۔ اس کریمنل کمپلینٹ میں سعودی عرب میں قید دیگر چونتس صحافیوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔
خاشقجی قتل کیس: سعودی عرب کے خلاف امریکا کا خاموش رد عمل
سعودی عرب مشکل میں: پاکستان میں کئی حلقوں کی طرف سے حمایت
منگل کے روز رپورٹرز وِد آؤٹ بارڈز کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ جمال خاشقجی قتل میں ملوث ہونے کے الزام سے متعلق ایک درخواست جرمنی کے وفاقی دفتر استغاثہ کے حوالے کی گئی ہے۔ اس درخواست میں محمد بن سلمان پر جمال خاشقجی قتل میں ملوث ہونے کے علاوہ صحافیوں اور میڈیا اداروں کے خلاف سخت اقدامات کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
یہ درخواست جرمنی کی اعلیٰ ترین آئینی عدالت کے سپرد کی گئی ہے، جس میں محمد بن سلمان پر صحافیوں پر مظالم کے علاوہ انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
پانچ سو صفحات پر مشتعمل اس درخواست میں فری سعودی لبرلز ویب سائٹ کےخالق رائف بداوی سمیت تنتیس مقید صحافیوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔
رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے جرمن دفتر کے ڈائریکٹر کرسٹیان مِہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جرمنی میں محمد بن سلمان کے جرائم سے متعلق تحقیقات کی جانی چاہییے۔ "ہم نے استغاثہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس صورتحال کی تفتیش کرے اور محمد بن سلمان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔"
اس درخواست میں متعدد سعودی حکومتی عہدیداروں کے نام لیے گئیں ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے، "سعودی عرب میں صحافیوں کے خلاف جرائم اور ان پر منظم حملے جاری ہیں۔ ان پر حملوں کی وجہ ریاستی پالیسیاں اور سیاسی ہیں۔ اس درخواست میں جن پانچ ملزمان کے نام درج ہیں، وہ اس صورت حال کے مکمل ذمہ دار ہیں۔"
اس درخواست میں محمد بن سلمان کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے، جب کہ ولی عہد کے قریبی مشیر سعود القہطینی اور تین دیگر اعلیٰ سعودی عہدیداروں کے نام تحریر کیے گئے ہیں۔
اس درخواست میں جرمنی کے تعزیراتی قانون کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت صحافیوں پر حملوں کو انسانیت کے خلاف جرائم سے تعبیر کیا گیا ہے۔