سعید اجمل کا کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
28 دسمبر 2014پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان آغا اکبر کا کہنا تھا کہ سعید اجمل نے اپنے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ نہ کروانے کا فیصلہ بذات خود کیا ہے اور اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ آغا اکبر کا کہنا تھا کہ سعید اجمل آئندہ چند روز میں ایک پریس کانفرنس کریں اور اپنے اس فیصلے سے متعلق مزید معلومات فراہم کریں گے۔
قبل ازیں ہفتے کے روز پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ صرف محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن کی غیر سرکاری جانچ کے لیے آئندہ ہفتے بھارت کا دورہ کریں گے جبکہ سعید اجمل ابھی اپنے باؤلنگ ایکشن کو ٹھیک کرنے کے لیے پاکستان میں پریکٹس جاری رکھیں گے۔
سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی درستی کے لیے پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسپنر ثقلین مشتاق اور مشتاق احمد ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ قبل ازیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے پاکستان کے 36 سالہ اسٹار بولر سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو مروجہ معیارات کے مطابق غلط قرار دیتے ہوئے آٹھ ستمبر کو ان پر پابندی عائد کر دی تھی۔ سعید اجمل کا باؤلنگ ایکشن بظاہر پندرہ ڈگری کے اینگل سے تجاوز کرتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ کرکٹ کے عالمی قوانین کے مطابق سعید اجمل اپنا ایکشن بدل کر کسی وقت بھی اس پابندی پر نظر ثانی کی اپیل کر سکتے ہیں۔
سعید اجمل کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی بولر محمد حفیظ پر بھی ان کی باؤلنگ کے غیر قانونی ایکشن کی وجہ سے پابندی لگا دی تھی۔ اب صرف محمد حفیظ باؤلنگ ایکشن کی غیر سرکاری جانچ کے لیے آئندہ ہفتے بھارت جائیں گے اور اگر وہ بھارت میں کامیاب رہتے ہیں تو وہ باقاعدہ طور پر ورلڈ گورننگ باڈی کے سامنے اپنا باؤلنگ ٹیسٹ دیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کہا ہے کہ سعید اجمل کو ابھی اپنا باؤلنگ ایکشن درست کرنے کے لیے وقت لگے گا۔ معطلی کے بعد سے سعید اجمل غیر سرکاری طور پر برطانیہ میں تین مرتبہ باؤلنگ ایکشن کی جانچ کروا چکے ہیں لیکن وہ تینوں مرتبہ ناکام رہے ہیں۔ سعید اجمل کو اپنے غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے دو سال کی پابندی کا سامنا ہے، دوسرے لفظوں میں یہ پابندی ان کے انٹرنیشنل کیرئیر کا خاتمہ بھی ہے۔
دریں اثناء پی سی بی نے ورلڈ کپ کے لیے نوید اکرم چیمہ کو بطور ٹیم مینیجر واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ وہ معین خان کی جگہ لیں گے ، جو اس وقت بطور ٹیم مینجر اور چیف سلیکٹردو عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔