سلامتی کونسل کے پانچ غير مستقل ارکان کا چناؤ آج
12 اکتوبر 2010سلامتی کونسل کے غيرمستقل اراکين کا انتخاب 192 ممالک پر مشتمل جنرل اسمبلی ميں کيا جاتا ہے۔ جن پانچ غير مستقل نشستوں پر انتخاب آج ہو رہا ہے، اُن کے لئے اميدوار ریاستوں ميں جرمنی اور بھارت بھی شامل ہيں۔ ليکن يہ دونوں ممالک دو سال کے لئے سلامتی کونسل کے غير مستقل ممبر بننے کے علاوہ اس ادارے کے مستقل رکن بھی بننا چاہتے ہيں۔
سلامتی کونسل کے 10 غير مستقل اراکين کو ہميشہ دو دو سال کے لئے چنا جاتا ہے۔ آج جن پانچ غير مستقل نشستوں کے لئے انتخاب ہو رہا ہے، اُن ميں سے دو کے لئے کينيڈا، پرتگال اور جرمنی کے درميان مقابلہ ہے۔ يہ دو نشستيں، ترکی اور آسٹريا 31 دسمبر کو خالی کر رہے ہيں۔
باقی تين نشستوں کے لئے جنوبی افريقہ، بھارت اور کولمبيا امیدوار ہيں، جنہيں يہ نشستيں مل جانا تقريباً يقينی ہے کيونکہ کوئی اور ملک اُن کا حريف نہيں ہے۔ يہ تين نشستيں يوگنڈا، جاپان اور ميکسيکو خالی کر رہے ہيں۔
سلامتی کونسل کا غير مستقل رکن منتخب ہونے کے لئے 192 ممالک کی اسمبلی ميں دو تہائی اکثريت کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہيں۔ يہ اميدوار دنيا کے پانچ خطوں ميں واقع ممالک سے لئے جاتے ہيں۔
سلامتی کونسل کے مستقل رکن ملک پانچ ہيں، جو کہ امريکہ، برطانيہ، فرانس، روس اور چين ہيں۔ ان ملکوں کو اقوام متحدہ کی رکن پانچ بڑی طاقتیں بھی کہا جاتا ہے۔ دس غير مستقل اراکين کو دو دو سال کے لئے چنا جاتا ہے۔ پانچوں مستقل اراکين کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کو اپنی ويٹو کی طاقت کے ذريعے روک دينے کا اختيار بھی حاصل ہے اور وہ اس عالمی ادارے کے فيصلوں پر بہت زيادہ اثرانداز ہو سکتے ہيں۔
سن 1945 ميں جب11 نشستوں پرمشتمل سلامتی کونسل قائم کی گئی تھی تواقوام متحدہ ميں صرف 50 ممالک شامل تھے۔ سلامتی کونسل کے اراکين کی تعداد ميں اضافے کا مطالبہ کئی برسوں سے کيا جا رہا ہے۔
جرمنی کے دوبارہ اتحاد کے بعد سے سابق وزير خارجہ کلاؤس کنکل اور سابق چانسلر شرؤئڈر تک کئی جرمن سياستدان بڑے پُرزور انداز ميں سلامتی کونسل ميں جرمنی کو مستقل نشست دينے کے مطالبے کر چکے ہيں۔
موجودہ چانسلر انگيلا ميرکيل نے بھی يہ مطالبہ کيا ہے، ليکن اپنے ہی انداز ميں، دبے لہجے ميں اور حکمت کے ساتھ۔ ليکن اُن کی مخلوط حکومت ميں شامل جماعت ايف ڈی پی نے اپنے سیاسی اپوزيشن کے دور ميں سلامتی کونسل ميں جرمنی کی نہيں بلکہ پوری يورپی يونين کی مستقل نشست کے لئے کوشش کی تھی۔
رپورٹ: شہاب احمد صدیقی
ادارت: مقبول ملک