1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سلمان بٹ اور محمد آصف کرکٹ کھیل سکتے ہیں‘

عاطف بلوچ5 دسمبر 2015

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف آئندہ برس جنوری سے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کر سکیں گے۔ تین ماہ قبل ان کی پابندی کی مدت ختم ہو گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1HHwZ
Pakistan Salman Butt
سلمان بٹ کے مطابق اب وہ بہت بدل چکے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حوالے سے بتایا ہے کہ پانچ سالہ پابندی کے خاتمے کے بعد محمد آصف اور سلمان بٹ آئندہ ماہ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔ محمد عامر سمیت ان دونوں کھلاڑیوں کو سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اس پابندی کا سامنا تھا۔

سزا کاٹنے کے بعد محمد عامر پر عائد پابندی رواں برس اپریل میں ہی ختم کر دی گئی تھی، جس کے بعد وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے قابل ہوں گئے تھے۔ اب وہ بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ بی پی ایل میں اپنی کارکردگی کے جوہر بھی دیکھا رہے ہیں۔ ان کی عمدہ پرفارمنس پر پی سی بی نے عندیہ دیا ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم میں بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔

تاہم پی سی بی نے پابندی کے ختم ہونے کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف کو بحالی کا ایک پروگروم مکمل کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ اس کے بعد ان دونوں کے ساتھ واپڈا کی ٹیم نے کنٹریکٹ کر لیا تھا لیکن پی سی بی کی طرف سے انہیں کھیلنے کی اجازت نہ مل سکی تھی۔

پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان ہفتے کے دن بتایا کہ آصف اور سلمان آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے قومی ایک روزہ کپ میں شرکت کر سکتے ہیں، ’’ہم نے آصف اور سلمان کو کلیئر قرار دے دیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے پی سی بی کی طرف سے مطلوبہ معیارات کو پورا کر دیا ہے اور اب وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔

محمد آصف نے اس پیشرفت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ وہ اب پرسکون محسوس کر رہے ہیں، ’’یقینی طور پر یہ ایک مایوس کن امر تھا کہ میں واپڈا کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم میں تو موجود ہوں، لیکن کھیل نہ سکوں۔‘‘ تینتیس سالہ آصف نے مزید کہا کہ وہ بھرپور کوشش کریں گے کہ ایک مرتبہ پھر وہ قومی کرکٹ ٹیم میں منتخب ہو جائیں۔

Mohammad Asif Pakistan Cricket Lausanne Gericht Salman Butt International Cricket Council ICC
محمد آصف نے کہا کہ وہ دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کی کوشش کریں گےتصویر: Reuters

جب محمد آصف پر پابندی عائد کی گئی تھی تو وہ نئی گیند سے بولنگ کرانے والے دنیا کے بہترین بولرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ بالخصوص ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی کارکردگی انتہائی متاثر کن تھی۔ انہوں نے ٹٰیسٹ میچوں میں 106 جبکہ ون ڈے میچوں میں چھیالیس وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

سلمان بٹ نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ وہ محنت کر کے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے، ’’میں خدا کا شکر گزار ہوں۔ میں بحالی کے پروگرام کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے قابل نہیں تھا۔ لیکن اب مجھے کلیئر قرار دیے جانے پر میں بہت زیادہ خوش ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’وقت بتائے گا کہ میں کتنا اچھا کھیلتا ہوں اور کتنا تبدیل ہو چکا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ محنت کے بعد انہوں نے ماضی کی غلطیوں کو دھو ڈالا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں