1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سموگ جانوروں اور پرندوں کی بھی اموات کا سبب

21 نومبر 2024

پنجاب کے وسیع رقبے، خاص طور سے شہر لاہور میں شدید سموگ اور فضائی آلودگی کی خطرناک شرح جانوروں، پرندوں اور نباتات پر کتنے گہرے منفی اثرات مرتب کرتی ہے؟

https://p.dw.com/p/4nETy
لاہور کا ایک مقامی پارک
سموگ کے جانوروں اور پرندوں پر منفی اثراتتصویر: Saadeqa Khan/DW

 کسی زمانے میں لاہور  دریائے راوی، باغات، تاریخی ورثے اور قلعوں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا تھا۔ مگر اب یہ شہر عالمی درجہ بندی میں آ لودہ ترین شہروں میں سر فہرست آچکا ہے۔ 

گذشتہ ایک ماہ میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب یہاں فضائی آلودگی ناپنے والا انڈیکس  اے کیو آئی 700 کی سطح بھی عبور کر گیا تھا۔ اس کے سبب کئی حلقوں  کی جانب سے اس زہریلی فضا میں سانس لینے سے نباتات و حیوانات پر مہلک اثرات مرتب ہونے کی طرف توجہ مبذول کروانے کے لیے  آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں۔  ڈی ڈبلیو نے اس حوالے سے مختلف ماہرین سے خصوصی بات چیت کی۔

فضائی آلودگی اور قدرتی مسکن

چند برس قبل یونیورسٹی آف پنجاب میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث لاہور شہر میں پرندوں کی 170 سے زائد انواع  ناپید ہو چکی ہیں۔ ماہرین ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی اور سموگ سے پرندوں اور ممالیہ جانوروں کی ہجرت اور نقل مکانی کے راستوں اور نظام الاوقات میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔

سموگ میں خطرناک اضافہ، لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

 فضا میں دھندلا ہٹ کے باعث اکثر ہجرتی پرندے راستہ بھول جاتے ہیں۔  اس کے علاوہ بصارت متاثر ہونے سے پرندوں کو اپنی خوراک تلاش کرنے اور شکاریوں سےبچاؤ میں مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

اسلام آباد کے راول لیک پارک میں بہت سے پرندے سموگ کے سبب طبی مسائل کے شکار
سموگ جانوروں اور پرندوں کے لیے بھی مُضرتصویر: Saadeqa Khan/DW

سموگ کے جانور اور پرندوں کی صحت پر کیا اثرات پڑ رہے ہیں؟

محمد احسن یونیورسٹی آف وٹرنری سائنسز لاہور کی فیکلٹی آف سمال اینیمل کلینیکل سائنسز سے باحیثیت محقق وابستہ ہیں۔ انہوں نے ڈوئچے ویلے سے خصوصی بات چیت میں بتایا کہ بڑے شہروں، صنعتوں اور زیادہ آبادی والے گنجان علاقوں کے قریب رہنے والے جانور خصوصاً پرندے فضائی آلودگی کی زد میں ہیں۔   

ان کے مطابق  گذشتہ ایک ماہ سے لاہور اور گرد و نواح میں چھائی گہری سموگ سے پرندوں اور جانوروں کی صحت پر مندرجہ ذیل منفی اثرات  مرتب ہوئے ہیں:

 سانس لینے میں مسائل

محمد احسن نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ جس طرح گہرے سموگ میں انسانوں کے لیے سانس لینا دشوار ہے اسی طرح جانور، خصوصاً پرندے  بھی سانس لینے میں تکلیف محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ''ہم زبان سے اپنا مسئلہ بيان کر سکتے ہیں لیکن یہ بے زبان جانور اپنی تکلیف بیان کرنے سے قاصر ہیں۔‘‘

پنجاب میں سموگ راج جاری، اٹھارہ اضلاع میں پبلک مقامات بند

محمد احسن بتاتے ہیں کہ سموگ جانوروں میں کھانسی، ناک سے پانی کا بہنا اورآنکھوں میں سوزش جیسے مسائل کا سبب بنتا ہے۔ پرندوں کا نظام تنفس دیگر جانوروں کی نسبت کافی حساس ہوتا ہے۔ اڑتے ہوئے وہ براہ راست فضائی آلودگی کی زد پر بھی ہوتے ہیں۔

جنوری کے مہینے میں اسلام آباد کی فضا سموگ سے بُری طرح آلودہ
جانوروں اور پرندوں کے لیے بھی سموگ نہایت مُضرتصویر: Saadeqa Khan/DW

ان کے مطابق سموگ اگر لمبے عرصے تک چھایا رہے تو پرندوں کی کئی انواع  کے پھیپھڑے متاثر ہونے سے انہیں دمے کا مرض ہو سکتا ہے اور ان میں برونکائٹس اور سانس سے متعلق دیگر امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

دل، جگر اور گردوں پر منفی اثرات

 ماہرین کے مطابق اگر کسی شہر میں فضائی آلودگی کا انڈیکس 300 اے کیو آئی کی حد سے تجاوز کر جائے تو اسے ''ہیلتھ ایمرجنسی‘‘ کہا جاتا ہے اور حکام کی جانب سے ہیلتھ وارننگ جاری کی جاتی ہے۔

محمد احسن نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ 300 سے متجاوز انڈیکس انسانوں اور جانوروں کے مدافعتی نظام کو بہت کمزور کر دیتا ہے۔ خاص طور پر گھروں میں پالتو جانور یا پہلے سے بیمار اور زیادہ عمر کے جانوروں میں  سانس کی دائمی بیماریوں کا شکار ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

دودھ دینے والے جانور جیسے  گائے، بھینس وغیرہ باڑوں میں براہ راست سموگ کی زد میں ہوتے ہیں جس سے ان کے دودھ دینے کی مقدار میں واضح کمی نوٹ کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سموگ سیزن میں چڑیا گھر میں پنجروں میں قید جانوروں میں بھی بیماریاں پھیلنے کی شرح بڑھ جاتی ہے۔

دیوالی کے تہوار پر جشن کے بعد نئی دہلی سموگ کی لپیٹ میں

لاہور میں پالتو جانور جیسے کہ یہ بلی بھی سموگ سے متاثر نظر آ رہی ہے
پالتو جانوروں کو بھی سموگ سے بچانا بہت ضروری ہےتصویر: Saadeqa Khan/DW

وہ بتاتے ہیں کہ سموگ میں موجودہ آلودہ ذرات سانس کے ذریعے جانوروں اور پرندوں کے خون میں شامل ہو جاتے ہیں۔ یہ جسم میں خون کے نارمل بہاؤ میں رکاوٹ ڈال کر دل اور بلڈ پریشر کے مسائل کا سبب بنتے ہیں۔

محمد احسن کے مطابق سموگ میں کئی طرح کے زہریلے، خصوصاً بھاری دھاتوں کے ذرات بھی شامل ہوتے ہیں۔ ان سے جانوروں کے جگر اور گردوں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ وہ مزید وضاحت کرتے ہیں کہ چونکہ جگر اور گردے وقت کے ساتھ ٹاکسن جمع کر سکتے ہیں اس لیے ان کی فعالیت اور کا رکردگی دونوں متاثر ہوتی ہیں۔

سموگ اور انسانی فوڈ چین

ما ہرین کا کہنا ہے کہ ایکو سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کے باعث جانوروں کے قدرتی مسکن تباہ ہورہے ہیں جس سے پرندے اور جانور پریشان ہیں۔ اس سےان کی افزائش نسل اور قدرتی رویے بھی تبدیل ہو رہے ہیں۔ لا محالہ اس کے منفی اثرات انسانی فوڈ چین پر بھی پڑیں گے۔

رافعہ حمید قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں انوائرمینٹل سائنسز ایم فل کی طالبہ ہیں۔ انہوں نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ سموگ میں موجود  آلودہ ذرات پودوں کے پتوں پر منتقل ہو کر فوٹو سن تھیسز یا خوراک بنانے کے عمل کو براہ راست متاثر کرتے ہیں۔

سموگ کس طرح لاہور میں شہری زندگی متاثر کر رہی ہے

وہ بتاتی ہیں کہ نباتات انسانی فوڈ چین کی پہلی کڑی ہیں جس کے بعد سبزی خور، گوشت خور جانور، آبی حیات اور پھر انسان آتے ہیں۔ فضائی، زمینی اور آبی آلودگی بڑھنے سے اس چین کی تمام کڑیاں متاثر ہو رہی ہیں جس سے مستقبل میں غذائی قلت کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ 

رافعہ کہتی ہیں کہ آلودہ فضا اور پانی سے تیار ہونے والی فصلیں، پھل ،سبزیاں   اور بیمار جانوروں کا گوشت، لائیو اسٹاک انسانی صحت کے کسی نئے بحران کو جنم دے سکتے ہیں۔

ان کے مطابق ہوشمندی کا تقاضہ یہی ہے کہ ایکو سسٹم کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ حیوانات و نباتات کے قدرتی مسکن بحال ہوں اور وہ وہاں محفوظ زندگی گزار سکیں۔