1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سُپر منگل‘ کے الیکشن: کلنٹن اور ٹرمپ کے نام

عابد حسین2 مارچ 2016

امریکی صدارتی الیکشن کے سلسلے میں ’سُپر منگل‘ کو ہونے والے پارٹی الیکشن میں ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کو بھاری جیت حاصل ہوئی ہے۔ کل کی رائے شماری میں وہ سات سات ریاستوں میں پارٹی الیکشن جیتنے میں کامیاب رہے۔

https://p.dw.com/p/1I5JD
تصویر: Reuters/D. Becker/N. Wiechec

امریکی صدارتی انتخابات میں پارٹی کی نامزدگی کے لیے ’سپر ٹیوز ڈے‘ کو مختلف ریاستوں میں ہونے والے پارٹی انتخابات میں سابق وزیر خارجہ اور خاتون اول ہلیری کلنٹن اور ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہوئے ہیں۔ ’سُپر منگل‘ کو جنوبی حصے کی گیارہ ریاستوں میں ڈیموکریٹک پارٹی اور ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے انتخابات ہوئے۔

ان کامیابیوں سے بظاہر ایسا دکھائی دینے لگا ہے کہ کلنٹن اور ٹرمپ اپنی اپنی پارٹیوں کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ آٹھ نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن کے حتمی مرحلے کے لیے ’سُپر ٹیوز ڈے‘ مختلف ریاستوں میں ہونے والا سب سے بڑا انتخابی عمل خیال کیا جاتا ہے۔ سپر ٹیوز ڈے کے دوران نامزدگی کے لیے بیس فیصد ووٹوں کا فیصلہ ہوا۔

امریکی میڈیا کے مطابق آٹھ مختلف ریاستوں میں ریپبلکن پارٹی کے ووٹرز نے ڈونلڈ ٹرمپ پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کے مدِ مقابل دو امیدواروں کو بعض ریاستوں میں کامیابی ضرور ملی ہے لیکن ٹرمپ کے مقابلے میں یہ کہیں کم ہے۔ سینیٹر ٹیڈ کروز کو اپنی آبائی ریاست ٹیکساس اور اِس سے ملحقہ ریاست اوکلاہاما میں فتح حاصل ہوئی۔ ری پبلکن پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ کے پسندیدہ امیدوار خیال کیے جانے والے اور فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مارکو رُوبیو مِنیسوٹا ریاست میں جیتے۔ ٹیڈکروز نے دو ریاستوں میں کامیابی کے بعد پھر دعویٰ کیا ہے کہ وہ ٹرمپ کے طوفان کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن سات ریاستوں میں کامیاب ہوئیں۔ ہلیری کے حریف بیرنی سینڈرز چار ریاستوں میں جیت پائے۔ ہلیری کلنٹن کو ایک مرتبہ پھر افریقی امریکی ووٹ بڑی تعداد میں ملے ہیں۔ جنوبی کیرولینا کی طرح جنوبی ریاست ارکنساس میں بھی سابق خاتونِ اول کو بھاری جیت حاصل ہوئی۔ ارکنساس وہی ریاست ہے، جہاں سے اُن کے شوہر سابق امریکی صدر بل کینٹن اور خود انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کی ابتدا کی تھی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے والے دوسرے امیدوار بیرنی سینڈرز کو اُن کی آبائی ریاست ویرمونٹ کے علاوہ کولوراڈو، مِنیسوٹا اور اوکلاہاما میں کامیابی ملی۔

Infografik Gewinner Super Tuesday Hochrechnung 6:00 Deutsch
’سپر ٹیوز ڈے‘ کو مختلف ریاستوں میں ہونے والے پارٹی انتخابات کا گراف

ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن اپنی انتخابی مہم میں اب یہ کوشش کریں گے کہ وہ پارٹی الیکشن کے اگلے مرحلے میں مِشی گن، فلوریڈا اور الی نوئے میں اپنے حریفوں کو شکست دے کر ناک ڈاؤن کر دیں۔ کلنٹن کو ’سُپر ٹیوز ڈے‘ میں کامیابی کے بعد 1001 پارٹی ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ابھی ان کو مزید 1382 ڈیلیگیٹس درکار ہیں۔ بیرنی سینڈرز نے چار ریاستوں میں پارٹی الیکشن جیت کر اپنی مہم جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سینڈرز کو اب تک 371 ڈیلیگیٹس کے ووٹ ملے ہیں۔ اُدھر ری پبلکن پارٹی میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 285 پارٹی ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ انہیں مزید 952 درکار ہیں۔ اُن کے قریب ترین حریف ٹیڈ کروز کو 160 جبکہ مارکو روبیو کو 87 نامزدگی کے ووٹ ملے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید