1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

23 دسمبر 2012

مایہ ناز بھارتی کرکٹرز سچن رمیش تندولکر نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/178DH
تصویر: Reuters

سچن تندولکر کا کرکٹ کیریئر 23 برسوں پر محیط ہے۔ 39 سالہ تندولکر نے آج اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے موقع پر کہا کہ 2011ء میں بھارت کو ورلڈ کپ جتوا کر ان کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا تھا۔ انہوں نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ کیا وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے یا نہیں۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والے تندولکر نے 463 ایک روزہ مقابلوں میں 18426 رنز بنا رکھے ہیں۔ایک روزہ مقابلوں کی طرح ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وہ رنز کے حوالے سے سرفہرست ہیں۔ سچن تندولکر نے 194 ٹیسٹ میچوں میں 15645 رنز بنا رکھے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی سینچریز کی تعداد 51 جبکہ ایک روزہ مقابلوں میں ان کی سینچریز کی تعداد 49 ہے اور یوں وہ مجموعی طور پر سینچریز کی سینچری اسکور کر چکے ہیں۔ سچن تندولکر ایک کارآمد اسپن بالر بھی رہے ہیں۔ انہوں نے ایک روزہ مقابلوں میں 145 اور ٹیسٹ میچوں میں 45 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

Sachin Tendulkar Kricket Indien
سچن تندولکر سینچریز کی سینچری اسکور کر چکے ہیںتصویر: AP

سچن تندولکر نے 1989ء میں دورہء پاکستان کے موقع پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہیں کرکٹ کی دنیا میں ’خدائے کرکٹ‘ اور ’لٹل ماسٹر‘ کے ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں وہ تنقید کی زد میں بھی رہے کہ اب انہیں ریٹائرڈ ہوکر نوجوانوں کو کھیلنے کا موقع دینا چاہیے۔

ایک بلے باز کے طور پر وہ خاصے کامیاب رہے مگر ایک کپتان کے روپ میں کامیابی کی دیوی ان پر اس قدر مہربان نہیں ہوئی۔ انہوں نے 1996ء میں پہلی بار کپتانی سنبھالی تھی مگر ٹیم کی کارکردگی توقعات کے برعکس تنزلی کا شکار رہی۔ سابق بھارتی کپتان اظہرالدین نے ان سے متعلق کہا تھا، ’’ نہیں جیتے گا! چھوٹے کے نصیب میں جیت نہیں ہے۔‘‘ سچن کو بھارت میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے وہ ایوان بالا ’راجیہ سبھا‘ کے اعزازی رکن بھی ہیں۔

(sks/ at (AFP