1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر کی نئی اننگز کا آغاز

4 جون 2012

بھارت کے مایہ ناز بلے باز سچن تندولکر نے آج راجیہ سبھا (ایوانِ بالا) کے رکن کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس عہدے کے لیے اُن کی غیر متوقع نامزدگی کو کچھ اپوزیشن ارکان نے ہدفِ تنقید بنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/157SC
تصویر: AP

اِس طرح تندولکر بھارت کے وہ پہلے کرکٹر بن گئے ہیں، جو ایک ایسے وقت میں راجیہ سبھا کے رکن بنے ہیں، جب وہ ساتھ ساتھ ابھی قومی ٹیم کے لیے کھیل بھی رہے ہیں۔ تندولکر کی نامزدگی کی تصدیق اپریل میں کی گئی تھی۔ اُن سے لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف حامد انصاری نے لیا، جو ایوان بالا کے چیئرمین بھی ہیں اور بھارت کے نائب صدر بھی۔

راجیہ سبھا کے ارکان کی تعداد 250 ہوتی ہے اور ہر رکنیت کی مدت چھ سال ہوتی ہے۔ زیادہ تر ارکان منتخب ہو کر اس ایوان میں پہنچتے ہیں۔ 39 سالہ تندولکر اُن بارہ ارکان میں شامل ہیں، جنہیں مخصوص شعبہ ہائے زندگی میں اُن کی خصوصی مہارت کے سبب اِس ایوان میں نامزد کیا گیا ہے۔

ماضی میں ادب، فنونِ لطیفہ اور سماجی خدمات کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات ایوانِ بالا میں نامزد ہوتی رہی ہیں لیکن تندولکر، جن کے پرستاروں کی تعداد کروڑوں میں ہے، نامزدگی کے ذریعے اس ایوان تک پہنچنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

’کرکٹ میں 22 سالہ انٹرنیشنل کیریئر نے بہت کچھ دیا ہے، اب مَیں کرکٹ کو کچھ لوٹانا بھی چاہتا ہوں‘
’کرکٹ میں 22 سالہ انٹرنیشنل کیریئر نے بہت کچھ دیا ہے، اب مَیں کرکٹ کو کچھ لوٹانا بھی چاہتا ہوں‘تصویر: Reuters

اپنی حلف برداری کے بعد تندولکر کا کہنا تھا:’’اپنے گزشتہ بائیس برسوں کے بین الاقوامی کیریئر کے دوران کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اور اب اپنی عمر کے اگلے نصف حصے میں مَیں کرکٹ کو بھی کچھ لوٹانا چاہتا ہوں۔ راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر مَیں کرکٹ ہی نہیں بلکہ دیگر کھیلوں کے لیے بھی کافی کچھ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گا۔ اس راہ میں کچھ مشکلات بھی یقیناً آئیں گی لیکن اگر اس ایوان میں میرے ساتھی، انتظامیہ، میڈیا اور عوام میرا ساتھ دیں تو مل کر ہم بہت کچھ بدل سکتے ہیں۔‘‘

اپریل میں اُن کی نامزدگی پر ممتاز روزنامے ’ٹائمز آف انڈیا‘ کا تبصرہ یہ تھا کہ اس کا کچھ زیادہ فائدہ نہیں ہو گا جبکہ اپوزیشن ارکان نے اس نامزدگی کو یہ کہہ کر ہدفِ تنقید بنایا تھا کہ حکومت عوامیت پسندانہ سیاست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے رکن پارلیمان اوم ماتھر نے کہا کہ حکمران کانگریس پارٹی ناجائز طور پر تندولکر کو کرکٹ کے گڑھ مہاراشٹر میں اپنی عوامی حمایت میں اضافے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

سچن تندولکر ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ دونوں میں دنیا کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور ابھی مارچ میں وہ دنیا کے ایک سو (ٹیسٹ میں 51 اور وَن ڈے میں 49) سنچریاں بنانے والے بھی پہلے بلے باز بن گئے۔ مستقبل قریب میں اُن کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔

aa/ia/afp,ap