سیب کے حیرت انگیز فوائد
فولاد سے بھرپورپھل سیب ہماری صحت کے لیے مفید ہے۔ اس پھل کا باقاعدگی سے استعمال جسمانی وزن کم کرنے، دل کو مضبوط رکھنے اور مجموعی طور پر صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دیتا ہے۔
دل کی مضبوطی
سیب انسانی جسم کے اہم ترین حصے یعنی دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ سیب میں موجود فائبر ہے۔ ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق سیب کے باقاعدگی سے استعمال کے باعث دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
ذیابیطس کے خلاف بھی مفید
ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلتھ کے مطابق سیب میں موجود فلیوونوئڈز جسم میں شوگر کی مقدار کو کنٹرول میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ نو سال تک جاری رہنے والی ایک تحقیق سے ثابت ہوا کہ ایسے انسان جو باقاعدگی سے سیب کھاتے تھے، ان میں ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ اٹھائیس فیصد کم رہا تھا۔
جسمانی وزن میں کمی
سیب وٹامن سی اور فائبر سے بھر پور پھل ہے۔ اسے کھانے سے بھوک کا احساس کم ہوتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ کھانے سے قبل سیب کھاتے ہیں، وہ کم مقدار میں کھانا کھاتے ہیں، جو ان کے جسمانی وزن میں کمی کا سبب بنتا ہے۔
سرطان سے بچاؤ
ایک تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ سیب کا باقاعدہ استعمال سرطان کے خطرے کو کم کرتا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق سیب میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس سرطان کے خطرے سے لڑنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
دمے سے تحفظ
سانس کی بیماری دمہ اپنے مریضوں کے معمولات زندگی کو متاثر کرتی ہے۔ طبی امور کی ویب سائٹ ہیلتھ لائن کے مطابق 68 ہزار خواتین پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق وہ خواتین جو زیادہ سیب کھاتی تھیں، ان میں دمے کی شکایت کی شرح کم رہی تھی۔
تازہ سیب کا استعمال
دنیا بھر میں سیب کی تقریباﹰ دو ہزار اقسام ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ سیب کا استعمال تب زیادہ بہتر ہوتا ہے، جب اس کی مقامی پیداوار بھی مارکیٹ میں دستیاب ہو۔ تازہ سیب کولڈ اسٹوریج کے سیب سے کہیں بہتر ہوتا ہے۔