1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
کاریں اور نقل و حملجرمنی

سیلف ڈرائیونگ ٹیسٹ کار آپے سے باہر: ایک شخص ہلاک، نو زخمی

16 اگست 2022

جرمنی میں معروف کار ساز ادارے بی ایم ڈبلیو کی ایک سیلف ڈرائیونگ ٹیسٹ کار بے قابو ہو کر شاہراہ پر سامنے سے آنے والی دو گاڑیوں سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں متعدد حادثے ہوئے جبکہ ایک شخص ہلاک اور نو دیگر زخمی بھی ہو گئے۔

https://p.dw.com/p/4Fb7H
حادثات کی وجہ بننے والی سیلف ڈرائیونگ الیکٹرک کار بی ایم ڈبلیو کے iX ماڈل کی ایسی ہی ایک گاڑی تھیتصویر: BMW/AP/picture alliance

جرمن پولیس نے منگل سولہ اگست کے روز بتایا کہ یہ مہلک واقعہ پیر پندرہ اگست کی سہ پہر جنوب مغربی جرمن شہر روئٹلنگن میں اس وقت پیش آیا جب جرمنی کی دنیا بھر میں مشہور کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو کی تیار کردہ ایک سیلف ڈرائیونگ کار ٹیسٹ ڈرائیونگ کے دوران ایک شاہراہ پر سفر میں تھی۔

بی ایم ڈبلیو کی نئی فیکٹری میں ساری بجلی قابل تجدید ذرائع سے

یہ کار BMW iX ماڈل کی ایک پوری طرح الیکٹرک کار تھی، جس میں پانچ افراد سوار تھے اور ان میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ روئٹلنگن پولیس کے مطابق یہ گاڑی دوران سفر ایک موڑ مڑتے ہوئے اپنی لین سے باہر نکل کر مخالف سمت سے آنے والی گاڑیوں سے ٹکرا کر کم از کم تین حادثات کا باعث بنی۔

پہلے اس بی ایم ڈبلیو نے سامنے سے آنے والی ایک سٹروئن گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے بعد اس کا سٹروئن کے پیچھے آنے والی ایک مرسیڈیز گاڑی کے ساتھ براہ راست تصادم ہو گیا۔ اس حادثے کے نتیجے میں مرسیڈیز گاڑی میں بیٹھا ہوا ایک 33 سالہ شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ اس کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

اسی دوران سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو نے جس سٹروئن گاڑی کو ٹکر ماری تھی، وہ بھی اس کے 70 سالہ ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک تیسری گاڑی سے جا ٹکرائی۔ اس حادثے کے نتیجے میں تیسری گاڑی میں بیٹھے دو افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ یہ کار سڑک سے اتر کر قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جا کر گری، جس کے بعد ایک دھماکہ ہوا اور اس کار کو آگ لگ گئی۔

Deutschland München | Elektroauto | BMW iX
یہ الیکٹرک گاڑی ایک بار مکمل چارجنگ کے بعد سوا تین سو میل تک کا سفر طے کر سکتی ہےتصویر: BMW/AP Photo/picture alliance

ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ریسکیو

روئٹلنگن پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو کی وجہ سے جو متعدد حادثے ہوئے، ان میں مجموعی طور پر ایک شخص ہلاک اور نو دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حادثے اتنے شدید تھے کہ فوری طور پر چار ریسکیو ہیلی کاپٹر موقع پر بلوانا پڑے، جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔

زخمیوں میں سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو میں سوار پانچ افراد بھی شامل ہیں۔ ان میں سے اس گاڑی کے ڈرائیور کی عمر 43 برس بتائی گئی ہے۔ باقی تین بالغوں کی عمریں 31، 42 اور 47 برس بتائی گئی ہیں جبکہ زخمی ہونے والے بچے کی عمر صرف ڈیڑھ سال ہے۔ یہ پانچوں بھی اب ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

جرمنی میں الیکٹرک کاروں پر حکومتی سبسڈی بڑھا دی گئی

زخمیوں کی طبی حالت کے باعث پولیس ابھی تک ان کے بیانات ریکارڈ نہیں کر سکی۔ یہ بھی واضح نہیں کہ جب سیلف ڈرائیونگ بی ایم ڈبلیو ایک موڑ مڑتے ہوئے اپنی لین سے باہر نکل گئی تھی تو تب اسے اس کا 43 سالہ ڈرائیور خود چلا رہا تھا یا یہ الیکٹرک کار خود کار سیلف ڈرائیونگ حالت میں سفر میں تھی۔

اس واقعے کے بعد بی ایم ڈبلیو سے جب اس کمپنی کا ردعمل معلوم کرنے کے لیے رابطہ کیا گیا، تو اس ادارے نے کوئی بھی جواب دینے سے معذرت کر لی۔

م م / ع ا (اے پی)

انسانوں کی مانند ڈرائیونگ سیکھتی خودکار گاڑیاں